شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر ایک اور مشکل میں پھنس گئے


نئی دہلی: بالی ووڈ اسٹار شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر راج کندرا ایک اور مشکل میں پھنس گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت کے ایک کاروباری شخص نے راج کندرا اور شلپا شیٹھی کے خلاف دھوکہ دہی اور جعلسازی کی شکایت درج کروائی ہے اور دونوں میاں بیوی سے ایک کروڑ 51 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔

دونوں کے خلاف درج کرائی گئی درخواست شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر راج کندرا کی جانب سے شروع کیے گئے فٹنس انٹرپرائز سے منسلک ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ شلپا شیٹھی اور راج کندرا نے اس منصوبے کے لیے ملک بھر کے سرمایہ کاروں سے پیسے لے رکھے ہیں۔

شکایت کنندہ نے جوڑے پر یہ بھی الزام لگایا کہ جب اس نے ان دونوں سے اپنے ایک کروڑ 51 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تو دونوں میاں بیوی نے اسے دھمکیاں دیں۔

واضح رہے کہ رواں برس 19 جولائی کو راج کندرا کو فحش مواد تیار کرنے اور اسے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر نشر کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جس کے بعد 20 ستمبر کو ممبئی ہائی کورٹ نے ان کی 50 ہزار روپے کی زر ضمانت کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔


متعلقہ خبریں