شہبازشریف کے اپوزیشن قائدین سے ایک بار پھر رابطے

شہباز اور بلاول

 اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بلاول بھٹو سمیت اپوزیشن قائدین سے ٹیلیفون پر  پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیاہے۔

بلاول بھٹو اور شہباز شریف  نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس اور اپوزیشن لائحہ عمل پر بات چیت کی۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پارلیمان سےحکومتی پالیسیوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پارلیمانی فورم پر عوامی نمائندگان عوام کا مقدمہ لڑتے ہیں۔خوشی ہے مشترکہ لائحہ عمل سےپارلیمانی محاذ پر حکومت کو کئی بار شکست سے دوچار کیا۔

شہبازشریف  نے مولانا فضل الرحمان ، آفتاب شیرپاو، اختر جان مینگل سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔  انہوں نےامیر حیدر ہوتی، شفیق ترین ،مالک بلوچ، محسن داوڑ اور سراج الحق   کو بھی ٹیلیفون کیا ہے۔

قائد حزب اختلاف نے  پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی متحدہ کاوشوں کو سراہا اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔  ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفاد میں بے مثال اتحاد اور یک جہتی کا مظاہرہ کیا ۔اپوزیشن اور حکومتی اتحادی جماعتوں کے اصولی موقف نے حکومت کو پسپائی پر مجبور کیا۔

انہوں نے  کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد آئندہ مشترکہ اجلاس میں بھی اسی قوت کا مظاہرہ کرے گا۔ آئین، عوام اور پارلیمنٹ کے خلاف ہر حکومتی اقدام کے سامنے اپوزیشن اتحاد کھڑا ہوگا۔


متعلقہ خبریں