صبر سے اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑنے والے سے ڈرنا چاہیئے، مریم نواز


مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اخباری تراشے پر مشتمل  اپنے والد کی تصویر  شیئر کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس شخص سے ڈرنا چاہیے جو صبر سے اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑ دے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کردہ تصویر کے ساتھ مریم نوازنے لکھا کہ اس میں ظالموں کے لیے بہت بڑا سبق ہے۔

خیال رہے  کہ مریم نواز نے جنگ اخبار کی شائع  ہونے والی خبر بھی شیئر کی ہے جس کے مطابق  گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا ایم شمیم نے دعویٰ کیا ہے کہ’وہ اس واقعہ کے گواہ ہیں جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔

جبکہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریٹائرڈ جسٹس رانا شمیم کے بیان کو بے بنیاد  اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے۔

ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق جج گلگت بلتستان رانا شمیم کو ذاتی حیثیت میں کل طلب کرلیا ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز کے متعلق گلگت بلتستان کے سابق چیف جج کے انکشافات پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس لیا ہے۔ نوٹس ہائی کورٹ کے جج کا نام سامنےآنے پر لیا گیا۔

عدالت نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کو کل ساڑھے 10بجے ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔ عدالت نے چیف ایڈیٹر دی نیوز میر شکیل الرحمان کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ اخبا رکے صحافی، ایڈیٹر، اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل کو بھی ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

حکمنامے میں درج ہے’فریقین بتائیں کہ کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے‘۔


متعلقہ خبریں