فواد چودھری نے الیکشن کمیشن سے معذرت کرلی



وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے متعلق اپنے بیانات پر معذرت کرلی ہے۔

الیکشن کمیشن نے فواد چودھری کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے الیکشن کمیشن میری وضاحت کو مثبت انداز میں لے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کے حیثیت سے میں جو بھی بات کرتا ہوں وہ حکومت اور کابینہ کی پالیسی ہوتی ہے، وہ میری ذاتی رائے نہیں ہوتی۔

ان کا کہنا تھا میں نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ جو بات کرتا ہوں بطور وزیر اطلاعات کرتا ہوں، میں وفاقی کابینہ کی نمائندگی کرتا ہوں۔ امید ہے الیکشن کمیشن میری باتوں کو مثبت لے گا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کے درمیان اختلاف کی سب سے بڑی وجہ آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال کا معاملہ ہے۔

الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بارے میں 37 اعتراضات پر مبنی نوٹ سینیٹ میں پارلیمانی امور کی قائمہ کمیٹی کو بھجوایا تھا۔

فاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ایک پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر کو اپوزیشن کا ‘ترجمان’ اور ‘آلہ کار’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘چیف الیکشن کمشنر اگر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو میں انہیں دعوت دیتا ہوں وہ عہدہ چھوڑیں اور الیکشن لڑیں۔’

وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر پیسے لینے اور غیر شفاف انتخابات کروانے کے الزامات بھی لگائے تھے۔ وفاقی وزیر نے یہاں تک کہا تھا کہ ایسے ادارے کو آگ لگا دینی چاہیے۔

الیکشن کمیشن نے وزیر ریلوے اعظم سواتی اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان سے ثبوت طلب کیے تھے۔


متعلقہ خبریں