الیکٹرانک ووٹنگ مشین، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق، بلز منظور، اپوزیشن کا ہنگامہ، کاپیاں پھاڑ دیں


 

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا،انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال  اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مل  گیا۔ اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی کی، بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اور ایوان سے واک آوٹ کر دیا۔

وزیراعظم کے  مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کی جانب سے انتخابی اصلاحات بل پیش کرنے کی تحریک  پیش کی گئی جسے کثرت رائے سے منظورکر لیا گیا، تحریک کے حق میں 221 جبکہ مخالفت میں 203 ووٹ آئے۔

پیپلزپارٹی کی جانب  سے ووٹوں کی گنتی پر اعتراض اٹھایا گیا جس پر اسپیکر نے دوبارہ گنتی کرائی، اس دوران ایوان میں شدید بدنظمی پیدا ہو گئی، اپوزیشن ارکان اسپیکر ڈائس کے سامنے اکٹھے ہو گئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دی۔

ایوان کا ماحول گرم ہوا تو سارجنٹ ایٹ آرمز نے وزیراعظم عمران خان کو اپنے حصار میں لے لیا ،حکومتی ارکان پر وزیراعظم کے گرد جمع ہو گئے۔

بعد  میں  اپوزیشن ارکان  نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے چلے گئے اور حکومت نے مرحلہ وار بلز کی منظوری کا عمل جاری رکھا۔

یہ بھی پڑھیں:ہم آئے نہیں لائے گئے ہیں، عامر لیاقت

پارلیمنٹ نے کلبھوشن اورعالمی عدالت انصاف سے متعلق بلز کی منظوری دی، کلبھوشن اورعالمی عدالت انصاف سے متعلق بل وزیرقانون نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا۔

ہم نیوز کے مطابق پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس میں اینٹی ریپ انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل بل 2021 اور انسداد زنا بالجبر تحقیقات و سماعت بل 2021 کی بھی منظوری دے دی۔ ملیکہ بخاری کی ترامیم کو بل کاحصہ بنا لیا گیا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن ترمیمی بل آئی ووٹنگ اور ای وی ایم سے متعلق بل، انتخابی اصلاحات سے متعلق ترمیمی بل 2021 اور انتخابی دوئم ترمیمی بل بھی کثرت رائے سے منظور کر لیے گئے۔ انتخابی اصلاحات کا بل بابراعوان نے پیش کیا۔

جبراً قانون سازی قبول نہیں، سپریم کورٹ جائیں گے، کلبھوشن کو این آر او دیدیا: اپوزیشن

ہم نیوز کے مطابق مشترکہ اجلاس میں اسلام آباد میں چیریٹی رجسٹریشن اینڈ فیسلی ٹیشن بل، نیشنل کالج آف آرٹس انسٹی ٹیوٹ بل، مسلم فیملی لا کے 2 بل، حیدر آباد انسٹی ٹیوٹ ٹیکنیکل مینجمنٹ سائنس بل، کارپوریٹ ری اسٹرکچرنگ کمپنیز ترمیمی بل 2021 اور فنانشل انسٹی ٹیوشن ترمیمی بل 2021 بھی منظور کر لیے گئے۔

ہمارے خیال میں حکومتی لوگوں کے 3 سے 4 ووٹ زیادہ گنے گئے، شہباز شریف

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کمپنیز ترمیمی بل 2021، نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل اینڈ ٹریننگ کمیشن ترمیمی بل،  پاکستان اکادمی ادبیات ترمیمی بل 2021 اور پورٹ قاسم اتھارٹی ترمیمی بل 2021 بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔

اس سے قبل پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےموقف اختیار کیا تھا کہ تحریک کی منظوری کے لیے 222 ارکان کا ہونا ضروری ہے۔


متعلقہ خبریں