کھلاڑی میدان میں ہر چیز کیلئے تیار ہوتا ہے، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے اہم اجلاس سے قبل کہا ہے کہ جب کھلاڑی میدان میں اترتا ہے وہ ہر چیز کے لیے تیار ہوتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جو بھی مخالف کرے گا میں اس سے بہتر کروں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو ڈرپوک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اختلاف الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ڈری ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ووٹنگ کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے ، حیران ہوں اپوزیشن کو ٹیکنالوجی کے استعمال سے کیا مسئلہ ہے ، ٹیکنالوجی کے باعث کوئی جھوٹ نہیں بول سکتا ، یہ کیوں چاہتے ہیں جلدی سے حکومت گرادیں، پانچ سال کے بعد ہماری پرفارمنس سے انہیں سیاسی دکانیں بند ہونےکا خطرہ ہے۔

وزیراعظم آج کےمشترکہ اجلاس سے قانون سازی کرانے کیلئے متحرک ہیں اورانہوں نے اپنی قانونی ٹیم سے دو بار مشاورت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ای وی ایم پر قانون سازی: ایوان میں نمبر گیم کیلئے جوڑ توڑ جاری

الیکٹرانک ووٹنگ مشین سمیت انتخابی اصلاحات سے متعلق قانون سازی کی حکمت عملی پربھی غور کیا گیا ہے۔

وزیراعظم سے ارکان قومی اسمبلی کی ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔ عمران خان نے ارکان کو مشترکہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بلز منظور کرانے کیلئے تحریک انصاف کا اتحادیوں پر کافی زیادہ انحصار ہے۔دونوں ایوانوں میں ارکان  کی مجموعی تعداد چار سو چالیس ، حکومت اور اتحادیوں کے پاس دو سوانتیس ارکان ہیں۔

اپوزیشن کے ارکان کی تعداد دوسو گیارہ ہے۔ حکومت اور اپوزیشن ایوان میں نمبرز پورے کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔


متعلقہ خبریں