مودی سے محبت کا اظہار کر کے نواز شریف پی ٹی آئی کی مہم چلا رہے ہیں ، عمران خان


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ محبت دکھا کر ان کی پارٹی کے حق میں مہم چلا رہے ہیں۔

عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ نواز شریف کا مودی سے محبت جتانے کا مقصد کاروباری مفادات کو تحفظ دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے حق میں مہم چلانے پر نواز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وہ جس طرح مودی کی زبان بول رہے ہیں اس سے  بڑی تعداد میں لوگ ن لیگ کو چھوڑ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اتنے زیادہ لوگ ن لیگ سے آئیں گے کہ شاید پی ٹی آئی بھی انہیں نہ لے سکے۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کے دوران نواز شریف نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک ‘پگڑی اچھال’ پارٹی ہے، جس کا کوئی کردار اور نظریہ نہیں۔

صحافی کے اس سوال پر کہ ‘پی ٹی آئی نے ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان کے معاملے پر آپ کے قومی کمیشن بنانے کی تجویز مسترد کر دی ہے’ سابق وزیراعظم نے جواب دیا تھا  کہ ‘پی ٹی آئی کا کوئی کردار ہے نہ نظریہ، یہ ایک گندی زبان والی پگڑی اچھال پارٹی ہے’۔

نواز شریف نے کہا تھا کہ ‘پی ٹی آئی امپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے والی پارٹی ہے’۔


متعلقہ خبریں