بینک آج بند رہیں گے، اسٹیٹ بینک نے رمضان کے اوقات کار کا اعلان کر دیا


کراچی: تمام نجی و سرکاری  بینک،  مالیاتی ادارے اور مائیکروفنانس بینک آج عوامی  لین دین کے لئے بند رہیں گے.

اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( بینک دولت پاکستان ) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  زکوٰۃ  کی کٹوتی کے لیے آج یکم رمضان کو ” بینک تعطیل ” ہو گی تاہم تمام  بینک ملازمین زکوٰۃ  کٹوتی کے لئے معمول کے مطابق ڈیوٹی پر حاضرہوں گے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رمضان المبارک کے دوران بینکوں کے اوقات کار کی تفصیلات بھی جاری کردی ہیں۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ماہ رمضان میں تمام بینک پیر تا جمعرات صبح آٹھ  سے سہ پہر دو بج کر 15 منٹ تک بغیر کسی وقفے کے کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ کے روز تمام بینک صبح آٹھ  سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک بغیر کسی وقفے کے کھلے رہیں گے۔

عوامی لین دین کے لیے پیر تا جمعرات تمام بینکس صبح آٹھ  سے دوپہر پونے دو بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ کے روز تمام بینکوں میں عوامی لین دین صبح آٹھ  سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک جاری رہے گا۔

اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق رمضان المبارک کے بعد تمام بینک خود ہی رمضان سے پہلے والے اوقات کار پر واپس آجائیں گے۔


متعلقہ خبریں