نواز شریف دھاندلی سے آتے ہیں، پیپلزپارٹی والے جعلی ووٹ ڈالتے ہیں: فرخ حبیب

نواز شریف دھاندلی سے آتے ہیں، پیپلزپارٹی والے جعلی ووٹ ڈالتے ہیں: فرخ حبیب

فیصل آباد: وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ ٹھپہ سسٹم کی حمایت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سب کو معلوم ہے کہ نواز شریف ہمیشہ دھاندلی سے اقتدار میں آتے ہیں اور سندھ میں پیپلزپارٹی والے جعلی ووٹ ڈالتے ہیں۔

عاصمہ جہانگیر کانفرنس: نواز شریف کا خطاب، فواد چودھری کی شرکت سے معذرت

ہم نیوز کے مطابق ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ پوری دنیا میں ٹیکنالوجی کا استعمال ہو رہا ہے، ای وی ایم دنیا کے 20 سے زائد ممالک میں استعمال ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ الیکشن میں لاکھوں ووٹ ضائع ہوئے تھے۔

انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی شکل میں ٹھپہ مافیا بیٹھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم سے پولنگ کا وقت مکمل ہونے کے 15 منٹ بعد نتیجہ سامنے ہو گا، دھاندلی کا راستہ بند ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں شفاف انتخابات کرانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام آئندہ انتخابات ای وی ایم سے کرانے کی حمایت کریں۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان بیرون ملک محل نہیں بنا رہے ہیں بلکہ ملک میں لوگوں کو گھر بنا کردے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم کے تحت بینکوں کو 224 ارب روپے قرض کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں اوربینک 90 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری بھی دے چکے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے تمام شہریوں کے پاس صحت کارڈ کی سہولت موجود ہے، دسمبر کے آخر تک پنجاب کے تمام شہریوں کو صحت کارڈ کی سہولت مل جائے گی۔

سرکاری اراضی پر تجاوزات کو ختم کرایا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

انہوں نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں کہا کہ پوری دنیا میں کورونا کی وجہ سے مہنگائی کی لہر آئی ہوئی ہے لیکن حکومت نے عالمی مہنگائی کے مقابلے میں عوام پر کم سے کم اثرات منتقل کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار پیٹرول پر 17 فیصد کی بجائے زیروجی ایس ٹی لی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو معیشت تباہ تھی اور ہر شعبہ ڈیفالٹ کے قریب تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بقا اور ترقی کے لیے کرپٹ اور چوروں سے لڑائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ بلاول بتائیں 13 سال میں سوائے کرپشن کے سندھ میں کیا کیا؟

وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے عوام لاقانونیت، مہنگائی اور لوٹ مار کی وجہ سے  پیپلز پارٹی سے پناہ مانگ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پینے کے صاف پانی، گرین لائن اور نالوں کی صفائی سمیت ہر کام وفاق کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 2018 سے مسلسل بحرانوں سے ہی نمٹ رہے ہیں، حکومت گیس کے نئے ذخائر اور ٹرمینلز کے لیے سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سردیوں میں بجلی کے زائد استعمال پر شہریوں کو فی یونٹ ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔

ن لیگ کیسز ختم کرنے والا این آر او چاہتی ہے، فرخ حبیب

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کے بجلی و گیس کے مہنگے منصوبوں کی قیمت آج عوام کو ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے رواں سال پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس میں بتدریج کمی کی ہے۔


متعلقہ خبریں