سندھ میں کارروائی پر جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سندھ مہنگائی کو کنٹرول کرے کیونکہ ہماری کارروائی کے بعد جمہوریت خطرے میں پڑ جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ میں کہا کہ سپریم کورٹ بار کو مشورہ دیا تھا سارے معاملے میں غیر جانبدار رہیں تاہم جاری ہونے والی ویڈیو جعلی نکلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی کیسز چلنے شروع ہوتے ہیں تو ججز کو دباؤ میں لانے کے لیے مہم چلائی جاتی ہے جبکہ مریم نواز اپنی پارٹی کو بھی قابو کرنے کے لیے ویڈیوز بنوا رہی ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ماضی میں کسی نے ایسی حرکتیں نہیں کیں جو مریم نواز گروپ کر رہا ہے اور جو کھیل یہ کھیل رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے جبکہ آڈیو کے تمام کردار سامنے آنے چاہئیں اور مریم نواز کا رویہ ہمیشہ سے منفی رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے ای وی ایم پر ایک کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی ہے جو تمام معاملات دیکھے گی۔ کمیٹی میں اعظم سواتی، امین الحق اور وفاقی وزیر شبلی فراز شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگلے انتخابات ای وی ایم کے ذریعے کرائے جائیں گے جس میں اوورسیز پاکستانی بھی ووٹ کاسٹ کریں گے۔ مسلم لیگ ن کو ہمارا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ نواز شریف کے بیٹے بھی پہلی بار ووٹ کاسٹ کریں گے کیونکہ انہوں نے ملک تو واپس آنا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بہت کوشش کرتے ہیں کہ تنقید سے کچھ سیکھیں اور ہمارا میڈیا سے گلہ ہے کہ جب بھی مہنگائی ہوتی ہے تو ہیڈ لائنز بنتی ہیں لیکن جب چینی کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے تو کچھ ہوتا ہی نہیں۔ ٹماٹر، پیاز اور ادرک کی قیمتوں میں بہت کمی آئی ہے لیکن تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں مہنگائی کا مسئلہ آ رہا ہے اور 18ویں ترمیم کے بعد وفاق صرف تجویز ہی دے سکتا ہے۔ پورے پاکستان میں سب سے زیادہ مہنگائی کراچی میں ہے۔

کراچی میں مہنگائی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ایک ہزار 461 روپے کا مل رہا ہے اور کراچی میں 107 روپے فی کلو چینی فروخت ہورہی ہے جبکہ باقی پورے ملک میں چینی 90 روپے فی کلو مل رہی ہے اور چینی بہت جلد 85 روپے فی کلو میں دستیاب ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: ماضی میں ہمارے ملک میں کوئی ٹیکس کلچر نہیں بنا، وزیر اعظم

سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے گندم ریلیز نہیں کی اور مہنگائی کا زیادہ مسئلہ بھی کراچی اور سندھ میں آ رہا ہے۔ ان چیزوں کو ہمیں بہت سنجیدگی سے دیکھنا ہو گا۔ اگر سندھ حکومت کارروائی نہیں کرتی تو پھر ہمیں کرنا پڑے گی اور ان کی چیخیں آسمانوں پر جائیں گی کیونکہ ہماری کارروائی کے بعد پھر جمہوریت خطرے میں آجائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پیکج پر وزارت خزانہ نے بریفنگ دی ہے۔ ملک کی فارما انڈسٹری اپنے پاؤں پر کھڑی ہو رہی ہے اور میڈیا سے شکایت ہے کہ کابینہ میں ہونے والے فیصلے ذرائع سے چلا دیتے ہیں اور کل کو پھر پیمرا کا نوٹس آجائے گا تو پھر آپ شکایت کریں گے۔

کابینہ کے فیصلوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لیے جو پیسے مانگے تھے ان کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف سے کہہ رہے ہیں کہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر بتا دیں کہ آپ کون سی الیکٹورل ریفارمز چاہتے ہیں۔ ای وی ایم کے ذریعے انتخابی نظام بہتری ہوسکتا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ اب دھاندلی کا رونا نہ رویا جائے اور ای وی ایم لانے کا مقصد بھی دھاندلی سے چھٹکارا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آج ہم نے افغانستان کے لیے امدادی پیکج کی بھی منظوری دی ہے۔


متعلقہ خبریں