کے الیکٹرک صرف پیسہ بناتی اور لوگوں کو بلیک میل کرتی ہے، چیف جسٹس برہم

سپریم کورٹ کی کے الیکٹرک کو ایک دن کی مہلت، چیف جسٹس برہم

کراچی: سپریم کورٹ نے کے الیکٹرک کو جواب جمع کرانے کے لیے ایک دن کی مہلت دے دی۔ 

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پی ای سی ایچ ایس غیر قانونی تعمیرات کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پی ای سی ایچ ایس کے وکیل کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ وکیل ہیں اتنا نہیں معلوم کہ الاٹمنٹ آپ نے دی۔ کے الیکٹرک تو مہنگی زمین بھی خرید سکتی ہے اسے رفاہی پلاٹ دے دیا ؟

پی ای سی ایچ ایس کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کے الیکٹرک کو معمولی قیمت پر زمین دی ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ کیا کے الیکٹرک معمولی قیمت لیتی ہے ؟ وہ صرف پیسہ بنا رہے ہیں اور کے الیکٹرک کا نیشنل انٹرسٹ سے کیا تعلق ؟  آپ کو گرین بیلٹ سے گرڈ اسٹیشن ہٹانا پڑے گا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ گرین بیلٹ پر کوئی کمرشل سرگرمی نہیں ہو گی اور آپ جتنے گرڈ اسٹیشنز بنا دیں پورے شہر میں لوڈ شیڈنگ ہے جبکہ لوگوں کو 2، 3 گھنٹے ہی بجلی ملتی ہے کیا سروس دے رہے ہیں ؟

انہوں نے ریمارکس دیے کہ جہاں اسٹیشن لگایا ہوا ہے محمود آباد میں کتنی دیر بجلی آتی ہے ؟ آپ کو ہٹانے کے لیے وقت دے سکتے ہیں مگر وہ ہٹانا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب افسران کیخلاف ثبوت دیں کارروائی کریں گے، چیئرمین نیب

چیف جسٹس نے کے الیکٹرک کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کاروبار کر رہے ہیں آپ کا مفاد عامہ سے کیا تعلق ؟ آپ کا تو معاہدہ ہی ایکسپائر ہو گیا ہے، پتہ نہیں کیسے چلا رہے ہیں۔ لوگوں کو بلیک میل کر کے ادارہ چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نجی اداروں کے پاس تو یہ سروس ہونی ہی نہیں چاہیے، ایلمونیم کی تاریں لگا دیں سارا نظام تباہ کر دیا اور جہاں بجلی چوری ہوتی ہے وہ دوسروں کے بلوں میں ڈال دیتے ہیں۔

کے الیکٹرک کے وکیل نے کہا کہ ہمارے 60 گرڈ اسٹیشنز ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ گرڈ اسٹیشنز اگر رفاہی پلاٹس پر ہیں تو پورے 60 ہی ہٹانے پڑیں گے۔ آپ کا کام تو صرف پیسہ ہے، پیسہ، پیسہ اور پیسہ بس۔ بورڈ آف ڈائریکٹر زکہتے ہیں پیسہ کیسے کمانا ہے بس۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے پیچھے کون ہیں ابھی تو یہی نہیں معلوم اور کے الیکٹرک کو کون اصل میں چلا رہا ہے۔ ہمیں حیرت نہیں ہو گی کہ اس کا تعلق ایسے ملک سے ہو جس سے ہمارا تعلق ہی نہیں۔

عدالت نے کے الیکٹرک کو جواب کیلئے ایک دن کی مہلت دیتے ہوئے سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔


متعلقہ خبریں