دوسرے روز کا کھیل ختم، پاکستانی اوپنرز جم گئے


پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسرے روز کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنا لیے۔

چٹاگانگ میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 330 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی طرف سے حسن علی نے پانچ  کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے کیا، دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کے لیے 145 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس سے پہلے میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو بنگلہ دیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز سے اننگز آگے بڑھائی۔ لٹن داس 113 اور مشفیق الرحیم 82 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

دوسرے ہی اوور میں حسن علی نے لٹن داس کو 114 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ لٹن داس اور مشفیق الرحیم کے درمیان 206 رنز کی شراکت داری قائم  ہوئی ۔

یاسر علی کو بھی حسن علی نے 4 رنز پر بولڈ کر دیا جبکہ مشفیق الرحیم 91 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے، بنگلا دیش کی پوری ٹیم 330 پر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے  5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور نمایاں بالر رہے ۔ جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ساجد خان  نے ایک کھلاڑی کوآوٹ کیا۔


متعلقہ خبریں