خشک موسم گیا، بونیر میں بارش،کئی علاقوں میں برفباری کی بھی نوید

بارش اور برفباری

ملک کے بعض علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بونیر اور اس کے گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں  بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

کوئٹہ میں بھی ہلکی بارش جاری ہے، جس کے باعث سردی مزید بڑھ گئی۔

بالاکوٹ شہر اور گردونواح میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کو ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری ہو گی۔

سیاحتی علاقوں وادی نیلم،باغ، راولاکوٹ،نتھیاگلی،گلیات، ناران اور کاغان  میں اتوار کے روز بارش اور برفباری ہو سکتی ہے،وادی ہنزہ،گلگت،اسکردو،استور،چترال اور دیر میں بھی اتوار کو برفباری کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیزہواوں کے ساتھ بارش ہو گی، اسلام آباد میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا اورہلکی بارش و بو ندا باندی کا امکان ہے۔

بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت ، پشین اور ژوب میں بارش کے ساتھ تیز ہواوں کا بھی امکان ہے۔

ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، باجوڑ، وزیرستان ، کوہاٹ ،اٹک ، چکوال، جہلم ، منڈی بہاوالدین،حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ ،نارووال ، لاہور اور راولپنڈی  میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سیاحتی علاقوں  میں پیر اور منگل کے مطلع ابر  آلود رہے گا جبکہ آئندہ چند روز تک شدید سردی پڑے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ  پنجاب کے میدانی علاقوں میں اسموگ میں کمی آئے گی جبکہ پیر سے دھند کی شدت میں اضافے کا امکان ہے،بارش کے بعد رات کے وقت سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  جمعه کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا، کم سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 9 ڈکری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

لہہ ، گلگت،زیارت منفی 05، گوپس ،استور منفی 04، ہنزہ منفی 03، کالام ، سری نگر، اننت ناگ ، قلات منفی 02، گڑھی دوپٹہ ،دیر،پلوامہ ، راولاکوٹ اور بارہ مولہ میں درجہ حرارت منفی 01ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں