کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون یورپ بھی پہنچ گئی


کورونا وائرس  کی نئی قسم اومی کرون  یورپ بھی پہنچ گئی۔

کووڈ انیس کی نئی قسم اومی کرون جرمنی، اٹلی اور برطانیہ  بھی پہنچ گئی ہے۔  جرمنی کے وزارت صحت کے حکام کے مطابق جنوبی جرمنی کی ریاست باویریا میں نئےکورونا وائرس کے دو کیسز اور ایک مشتبہ کیس ملک کے مغرب میں پایا گیا ہے۔

سب سے پہلے جنوبی افریقہ سے واپس آنے والے ایک شخص میں اومی کرون کی علامات کی تشخیص ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی نئی قسم کو”اومیکرون “کا نام دے دیا گیا

برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید نے کہا کہ برطانیہ میں اومی کرون وائرس کے  دو تصدیق شدہ کیسز ہیں، ایک کیس چیلمسفورڈ اور ایک ناٹنگھم میں پایا گیا ہے۔ دونوں افراد حال ہی میں جنوبی افریقہ کے سفر سے واپس آئے تھے۔

اٹلی کے نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ نے بھی  تصدیق کی ہے کہ موزمبیق سے میلان واپس آنے والے ایک شخص میں اومیکرون کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس کے علاوہ چیک ریپبلک میں بھی  نئے ویرینٹ کا ایک مشتبہ کیس رپورٹ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کووڈ انیس کی یہ نئی قسم پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ میں دریافت ہوئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ قسم کورونا کی پہلے سے معلوم اقسام سے کہیں زیادہ خطرناک ہے اور یہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ابھی اس نئی قسم کے بارے میں مکمل سائنسی معلومات حاصل نہیں ہوسکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا کی نئی قسم، پاکستان نے 7 افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دیں

امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ۔ کینیڈا، برازیل، پاکستان، جاپان اور ساوتھ کوریا سمیت کئی ممالک نے افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اور کئی ایونٹ بھی منسوخ کیے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں