سیاست میں آیا تو مجھے مافیاز کا سامنا کرنا پڑا، وزیر اعظم


 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں جب سیاست میں آیا تو مجھے مافیاز کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں نے دو دہائی تک دنیا بھر میں کھیلوں میں حصہ لیا اور میں نے بہت سی کامیابیاں سمیٹیں اور دھچکے بھی لگے لیکن مجھے اللہ نے سب سے بڑا تحفہ ایمان کی دولت سے نوازا۔ کامیابیاں اور عزت صرف اللہ کی ذات دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہب کے معاملے میں کسی کے ساتھ زبردستی نہیں کی جا سکتی اور جب آپ ناکام ہوتے ہیں تو اپنی ذات کا تجزیہ کرتے ہیں۔ انا کسی بھی شخص کو برباد کر دیتی ہے لیکن سچا ایمان آپ کو اپنی انا پر کنٹرول کرنا سکھاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز گل نے مسلم لیگ ن کے مبینہ ووٹ خریدنے کی ویڈیو شیئر کردی

عمران خان نے کہا کہ قرآن انسان کو آزاد کر دیتا ہے اور انسان اپنی ناکامیوں سے سیکھتا ہے۔ میں جب سیاست میں آیا تو مجھے مافیاز کا سامنا ہوا اور گزشتہ 20 سالوں سے میری کردار کشی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین تھا کوئی بھی شخص میری بے عزتی نہیں کرسکتا یہ لوگ کچھ بھی کر لیں۔ غیرت کا جذبہ انسان کی بہت اچھی خصوصیت ہے اور مال و دولت نہیں انسان کے اندر غیرت بہت ضروری ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انا بدترین انسانی خصلت ہو سکتی ہے جبکہ میری تضیحک کے لیے اسکینڈلز اور فیک نیوز لائی گئیں۔


متعلقہ خبریں