ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سندھ میں کچھ نہیں ہورہا، حکمران خود ملوث ہیں،فواد چودھری

ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سندھ میں کچھ نہیں ہورہا، خود ملوث ہیں: فواد چودھری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اس وقت پورے ملک میں سب سے مہنگا آٹا حیدرآباد میں فروخت کیا جا رہا ہے، وہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1443 اور کراچی میں 1404 روپے کا بک رہا ہے، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے ہے۔

عدالتیں اپنے خلاف چلنے والی مہم کا نوٹس لیں، ن لیگ نے پروپگنڈہ کیا ہے: فواد چودھری

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں ذرائع ابلاغ کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں چینی 100 اور خضدار میں 96 روپے کلو ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے تین بلین ڈالرز کے معاہدے کے ضوابط مکمل ہو گئے ہیں جب کہ آئی ٹی ایف سی نے پاکستان کو 762 ملین ڈالرز اضافی دیے ہیں جس سے ڈالرکی قیمت میں استحکام آئے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چینی کی قیمت اب نیچے آ گئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چینی کی قیمت میں اضافہ سندھ حکومت کی جانب سے کرشنگ سیزن میں تاخیرکے باعث ہوا ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے کہا کہ سندھ میں جو کئی دیہائیوں سے برسراقتدار ہیں ان سے قیمتیں کنٹرول نہیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے دوبارہ کہتے ہیں کہ اپنے معاملات درست کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹماٹر، پیاز، چکن، ایل پی جی اور چاول سمیت دیگر اشیا سستی ہوئی ہیں، اس سال 4.75 ارب ڈالرز کا زرمبادلہ آنے کا امکان ہے۔

وزیراعظم نے تمام وزرا کو بیرون ملک جانے سے روک دیا

فواد چودھری نے  بتایا کہ یوریاکی عالمی منڈی میں قیمت ساڑھے 8 ہزار روپے فی بیگ ہے جب کہ پاکستان میں 1700 روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان سے ایک ٹرک یوریا کا باہر جائے تو وہ شخص اسمگلنگ میں70 لاکھ روپےکمائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم اپنے کسانوں کو بھرپور فائدہ دے رہے ہیں، گزشتہ چھ ماہ میں اچانک سندھ میں یوریا کی کھپت بڑھ گئی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے لیکن سندھ میں ایسا کچھ نہیں ہو رہا ہے کیونکہ  یہ خود سارے ملوث ہیں۔

میڈیا بریفنگ میں فواد چودھری نے کہا کہ ہمارے شہر جس طرح بڑھ رہے ہیں اس سے غذائی قلت پیدا ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک امین اسلم کو اسموک پر قابو پانے کے لیے طویل المدتی پالیسی لانے کو کہا گیا ہے۔

آئندہ انتخابات ای وی ایم پر نہ ہوئے تو حکومت فنڈز نہیں دے سکے گی، فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ آئی پی پیز کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی، گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی کردی ہے. انہوں نے زور دے کر کہا کہ کورونا کا نیاویرینٹ بہت تیزی سے پھیلتا ہے لہذا عوام اپنی ویکسی نیشن فوری طور پرمکمل کروائیں۔


متعلقہ خبریں