افغان عوام کی معاشی ترقی کیلئے مربوط کوششیں کرنا ہوں گی، آرمی چیف


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بحرین کے چیف آف اسٹاف نیشنل گارڈ نے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ روایتی تعلقات برقرار رکھنے کی خواہش رکھتا ہے اور بحرین سے مختلف شعبوں میں طویل المدتی اور دیرپا تعلقات چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے افغانستان پر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا جبکہ افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا سینما، شادی ہال، اسکول اور گھر بنانا دفاعی مقاصد ہیں؟ چیف جسٹس

آئی ایس پی آر کے مطابق بحرین کے چیف آف اسٹاف نیشنل گارڈ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور پاکستان کے ساتھ وسیع تر تعاون جاری رکھنے کا اظہار بھی کیا۔

بحرین کے چیف آف اسٹاف نیشنل گارڈ نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور علاقائی استحکام کے لیے تعاون کو بھی سراہا۔


متعلقہ خبریں