مسلم لیگ ن کی وجہ سے ہی ملک میں مہنگائی ہے، فواد چوہدری

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی وجہ سے ہی آج ملک میں مہنگائی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ اچھی بات چیت ہوئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں اور پنجاب کا بلدیاتی ایکٹ چند روز میں منظور ہو جائے گا۔ پنجاب میں ویلج کونسل کا نیا اسٹرکچر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ای وی ایم کے ذریعے ہی ہوں گے اور الیکشن کمیشن درست طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے جبکہ حکومت بھی الیکشن کمیشن کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

ای وی ایم سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسا نہیں کہ ای وی ایم بہت مہنگی ہو گی اور ای وی ایم ایک ہی بار خریدی جائیں گی بار بار نہیں۔ انتخابات بھی مہنگے نہیں ہوں گے اس میں معمول کے اخراجات آئیں گے۔

سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہمیشہ معاملات خراب کرنے کا کردار ادا کرتی ہے اور سندھ حکومت صحت کارڈ کے معاملے پر پریشان ہے کیونکہ صحت کارڈ کی فراہمی سے وزرا نہیں بلکہ عام آدمی کو فائدہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: غریب طبقے کی تکالیف دیکھتے ہوئےاشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی، وزیر اعظم

مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں کمی آ رہی ہے اور مہنگائی کی صورتحال پر غور کیا گیا ہے۔ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ بین الاقوامی مہنگائی کے اثرات ملک پر کم سے کم پڑیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے لوگوں نے کبھی اخبار بھی پورا نہیں پڑھا ہو گا اور مسلم لیگ ن کی وجہ سے ہی آج ملک میں مہنگائی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے جب گیس کی وزارت سنبھالی تھی تو اس وقت ایک روپے کا قرضہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) تھکے ہوئے پہلوانوں کا اجتماع ہے اور حزب اختلاف کے تحفظات اس لیے دور نہیں ہوئے کیونکہ وہ کرنا ہی نہیں چاہتے ان کہتے ہیں آئیں ہمیں اپنی تجویز دیں لیکن حزب اختلاف چاہتی ہی نہیں کہ نظام میں بہتری آئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی ہے۔


متعلقہ خبریں