رشنا خان نے پاکستانی ہاکی ٹیم کو الوداع کہہ دیا


لاہور: قومی خواتین ہاکی ٹیم کی گول کیپر رشنا خان نے پاکستان چھوڑ کر آسٹریلوی شہریت لینے پرغور شروع کردیا ہے۔

رشنا خان کا کہنا ہے کہ وہ اولمپک کھیلنے کی خواہش مند ہیں لیکن پاکستان میں رہتے ہوئے انہیں اپنا یہ خواب پورا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

ہم نیوز سے بات کرتے انہوں نے کہا کہ بطور ویمن ہاکی کھلاڑی اپنے خواب کی تعبیر کے لیے آسٹریلیا میں رہائش پذیر ہونے کا ارادہ رکھتی ہوں کیونکہ پاکستانی خواتین ہاکی ٹیم کا اولمپک کھیلنے کا سفر بہت لمبا ہے۔

رشنا خان کا مزید کہنا تھا کہ میں دو سال کے لیے آسٹریلیا میں لیگ ہاکی کھیلنے جارہی ہوں اور اب میری تمام تر توجہ آسٹریلیا کی قومی ویمن ہاکی ٹیم میں منتخب ہونے پر مرکوز ہے۔ وہ اس سے قبل بھی آسٹریلیا میں چھ ماہ ہاکی لیگ کھیل چکی ہیں۔

ہاکی کھیلنے کے لیے ملک چھوڑنے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے رشنا خان نے کہا کہ میں پاکستان کے ساتھ غداری نہیں کررہی، کہیں بھی کھیلوں پاکستان کا نام میرے ساتھ رہے گا۔

انہوں نے پاکستانی نژاد جنوبی افریقی کھلاڑی عمران طاہر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران طاہر پاکستانی ہیں لیکن جنوبی افریقہ کے لیے کھیلتے ہیں، مجھے بھی موقع ملا تو ضرور آسٹریلیا کے لیے کھیلوں گی۔

رشنا خان نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ کر جارہی ہوں اب واپس نہیں آؤں گی۔


معاونت
متعلقہ خبریں