دالیں، گھی اور گوشت سمیت 21 اشیائے ضروریہ مہنگی ہو گئیں

دالیں، گھی اور گوشت سمیت 21 اشیائے ضروریہ مہنگی ہو گئیں

اسلام آباد: ملک میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دالوں، گھی اور گوشت سمیت 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ بات وفاقی ادارہ شماریات نے اپنی ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ میں بتائی ہے۔

ملک میں مہنگائی 21 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ہم نیوز کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 18.35 فیصد پرآگئی ہے جب کہ سب سے کم آمدنی والے افراد کے لیے مہنگائی سب سے زیادہ 19.21 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دال مسور 4 روپے 77 پیسے فی کلو، دال ماش 5 روپے 62 پیسے فی کلو اور دال مونگ 3 روپے 41 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ہے۔

ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈھائی کلو گھی کے ڈبے کی قیمت میں 9 روپے 63 پیسے اضافہ ہوا ہے جب کہ
بیف ایک روپے 30 پیسے فی کلو اور مٹن ایک روپے 98 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گیارہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سونے کی قیمت میں پھر اضافہ

ہفتہ وار رپورٹ کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 19 روپے 53 پیسے فی کلو، پیاز 3 روپے 25 پیسے فی کلو اور زندہ مرغی 19 روپے 40 پیسے فی کلو سستی ہوئی ہے۔

اعداد و شمار کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی ایک روپے 42 پیسے فی کلو، انڈے 2 روپے 66 پیسے فی درجن، آلو 4 پیسے فی کلو اورآٹے کا 20 کلو کا تھیلا 6 روپے 84 پیسے سستا ہوا ہے۔

اداکارہ مشی خان بھی مہنگائی کیخلاف بول پڑیں

ہم نیوز کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے بتایا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 19 اشیا کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں