عمران خان حکومت کو ایماندار کہنا سفید جھوٹ ہے، شہباز شریف


لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت کو ایماندار کہنا سفید جھوٹ ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں افسوسناک واقعہ ہوا جس کی وجہ سے قوم کا سرشرم سے جھک گیا۔ ہمارے دور میں ایسے واقعات ہوئے تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سیاسی رنگ دیا۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعے کے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے اور موجودہ حکومت غلطی سے سبق نہیں لیتی بلکہ دہرا رہی ہے۔

مہنگائی پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سویت یونین امریکہ کے بعد دوسری بڑی طاقت تھی اور سویت یونین میں معاشی تباہی آئی تو کوئی روک نہ سکا۔ ملکی معیشت کی حالت اس وقت انتہائی خراب ہے اور ملک کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں اس لیے حالات کو کنٹرول کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ساڑھے 3 سال کے دوران معاشی غلطیاں کی ہیں۔ کورونا مارچ 2020 میں آیا لیکن اس سے پہلے کی بھی حکومتی کارکردگی دیکھ لیں۔ دنیا میں بھی مہنگائی ہوئی ہے لیکن پاکستان مہنگائی میں دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی نے میرا بھی بیڑہ غرق کر دیا، فواد چودھری مان گئے

شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت پاکستان سب سے مہنگا ملک ہے اور ملک کو بچانے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔ اگر ایسا نہ کیا تو خدانخواستہ ہمیں تباہی سے کوئی نہیں بچا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں بھی مہنگائی کا ذکر کیا تھا اور حکومت سے کہا عام آدمی پر توجہ دیں مگر کسی نے نہیں سنا۔ قومی مفادات کے لیے پی ڈی ایم سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر بھی آواز اٹھائی لیکن حکومت باتیں نہیں سن سکتی، گالم گلوچ شروع کر دیتے ہیں۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی نئی شرائط نے قوم کے ہاتھوں اور پاؤں میں زنجیریں ڈال دی ہیں اور ہمسایہ ملک نے آئی ایم ایف کے ساتھ آخری بیل آؤٹ پیکج 1991 میں کیا تھا لیکن ہم آئی ایم ایف کا پیچھا چھوڑ ہی نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت کا اس حکومت کے ساتھ کوئی مقابلہ ہی نہیں۔ 74 سالہ خرابیوں میں ہم سب نے حصہ ڈالا ہے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت میں جی ڈی پی آخری سانس لے رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان گندم اور چینی برآمد کرتا تھا لیکن آج درآمد کرتا ہے۔ عمران خان حکومت تاریخ کی سب سے نااہل اور کرپٹ حکومت ہے۔ جب مارکیٹ میں گیس سستی تھی انہوں نے نہیں خریدی اور اب ملک میں صنعت اور گھروں کے لیے گیس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر قرضوں سے جان چھڑانی ہے تو مسلسل محنت کرنا ہو گی اور 6 دسمبر کو لانگ مارچ اور دیگر اہم فیصلے کریں گے۔


متعلقہ خبریں