لاہور: این اے 133میں ضمنی انتخاب، پولنگ کا عمل ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

ووٹ

لاہور: قومی اسمبلی کی نشست این اے 133 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پولنگ کا عمل ختم ہو چکا اور ووٹون کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

ہم نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کے  طریقہ کار کے تحت حلقہ این اے 133 لاہورمیں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ شام 5 بجے تک بنا کسی بھی وقفے کے جاری رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق ضمنی انتخاب میں حلقے کے 4 لاکھ  40 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے مجاز ہیں۔

الیکشن کمیشن نے این اے 133 میں 254 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے ہیں۔ ان میں اے کیٹیگری کے 22، بی کیٹیگری کے 198 جب کہ سی کیٹیگری کے 34 پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔ مرد و خواتین کے لیے علیحٰدہ علیحٰدہ 200 جب کہ مخلوط 54 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ضمنی انتخاب کے لیے 11 امیدوار میدان میں ہیں۔ نشست کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی  کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے133 پرویز ملک کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

این اے 133  میں ضمنی انتخابات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت  انتظامات  کیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشنز کی نگرانی میں 6 ایس پیز اور 14 ایس ڈی پی اوز اس ضمن میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔

الیکشن کے دوران 44 ایس ایچ اوز، 52 ڈولفن و پیرو اور 7 کوئیک ریسپانس ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد افسران و اہل کار تعینات ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔


متعلقہ خبریں