کراچی:وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کے پی آر او حملے میں زخمی


کراچی:وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کے پی آراو پر نامعلوم افراد کا حملہ، جلال بچلانی فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پرفیوم چوک کے قریب وزیر اعظم کے معاون خصوصی کے پی آر او جلال بچلانی پر فائرنگ کا  واقعہ پیش آیا۔ عینی شاہدین  کے مطابق جلال بچلانی کی گاڑی کے پاس تین ملزمان موٹر سائیکل پر آکر رکے۔ موٹر سائیکل سے اتر کر ایک ملزم جلال بچلانی کی گاڑی کے پاس گیا تو جلال بلچانی نے گاڑی بھگا دی۔

موٹر سائیکل پر بیٹھے ملزم نے گاڑی چلانے پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ ایک گولی گاڑی پر اور ایک گولی جلال بچلانی کو ہاتھ پر لگی۔ جلال بچلانی خود گاڑی چلا کر اسپتال پہنچے۔

موٹر سائیکل سوار ملزمان  فائرنگ کے بعد جوہر چورنگی کی جانب فرار ہوئے۔ پولیس  کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دوران ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا ۔

جلال بچلانی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان نے دونوں جانب سے گاڑی پر حملہ کیا۔ ملزمان مجھے ٹارگٹ کرنے آئے تھے۔مملزمان نے لوٹنے کی کوشش نہیں کی،اسٹریٹ کرمنل نہیں تھے۔ موبائل فون دینے کے باوجود ملزمان نے کوئی چیز نہیں لوٹی۔

فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب جلال بچلانی گاڑی پارک کر کے اسٹور پر پانی لینے کے لیے رکے تھے۔جلال بچلانی اسٹیڈیم روڈ پر واقع اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔


متعلقہ خبریں