سیالکوٹ واقعہ، پریانتھا کمارا کی میت سری لنکا بھیج دی گئی


سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی میّت سرکاری اعزاز کیساتھ سری لنکا کے شہر کولمبو روانہ کردی گئی۔

پریانتھا کمارا کی میت کو گزشتہ روز سیالکوٹ سے لاہور لایا گیا جہاں سے آج سری لنکن ائیرلائن کی پرواز یو ایل ایک سو چھیاسی کے ذریعے اسے کولمبو روانہ کیا گیاہے۔

میت کی منتقلی کے لیے سری لنکن سفارتخانے کے اہلکار علی الصباح اسپتال پہنچے تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی،سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ،محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام اورسری لنکن ہائی کمیشن کے عہدیداران بھی اس موقع پرموجود تھے۔

واقعے پر وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ سری لنکن شہری پریانتھاکمارا کے قتل پر سری لنکا کی حکومت،عوام اور سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ غمزدہ خاندان کو یقین دلاتے ہیں کہ حکومت اس ضمن میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کررہی ہے۔اس کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ ملزمان کو قانون کے تحت سخت ترین سزا دلائی جائے گی۔

پریانتھا کمارا قتل کیس  میں اب تک ایک سو اکتیس سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ چھبیس مرکزی ملزمان بھی پولیس کی حراست میں ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں