مذہب کے نام پر ظلم کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم



 وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مذہب کے نام پر ظلم کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

سری لنکن منیجر کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سری لنکن شہری کے قاتلوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک عدنان نے سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کی ، ان کی بہادری پر ہمیں فخر ہے، انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

عمران خان نے ملک عدنان کو مخاطب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ انہیں 23 مارچ کو تمغہ شجاعت سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک عدنان کو دیکھ کر میرا انسانیت پر اعتماد بڑھا ہے۔ اخلاقی قوت جسمانی قوت سے زیادہ طاقتور ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں رول ماڈل کی بہت ضرورت ہوتی ہے، جانوروں کے معاشرے میں جنگ کا قانون اور انسانوں کے معاشرے میں انسانیت اور انصاف ہوتا ہے۔ جس معاشرے میں انسانیت ہوتی ہے وہ اپنے غریب طبقے کو اوپر اٹھاتا ہے۔

افسوس! پریانتھا کی جان نہیں بچا سکا، ملک عدنان

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اس طرح کے اور واقعات نہیں ہونے دینے۔ جب تک زندہ ہوں اس طرح کا کوئی اور واقعہ نہیں ہونے دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے ایک لاکھ ڈالر پریانتھا کے خاندان کیلئے جمع کیا ہے اور پریانتھا کے خاندان کو ساری زندگی تنخواہ دی جائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ نبی ﷺپوری دنیا کیلئے رحمت اللعالمین ﷺبن کر آئے،نبی ﷺ نے اپنے اخلاق اور کردار سے لوگوں کومتاثر کیا اور کمزور طبقے کی ذمہ داری لی۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو کافر کہنے کا ہمیں کوئی حق نہیں،یہ فیصلہ ہم نہیں کرسکتے، لوگوں پر توہین کے الزامات لگا کر جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے، نہ اسے وکیل ملتا ہے نہ کوئی جج فیصلہ کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں