ڈھاکہ ٹیسٹ: پاکستان کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 8 رنز سے شکست


پاکستان نے بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی کلین سوئیپ کر دیا۔

ڈھاکہ میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 8 رنز سے شکست دے دی۔

فالو آن ہونے کے بعد بنگلہ دیش کی ابتدائی 4 وکٹیں 25 رنز پر گر گئیں جس کے بعد مشفیق الرحیم اور لٹن ڈاس کے مابین کے پہلے 73 رنز اور بعد میں مشفیق الرحیم اور شکیب الحسن کے مابین 49 رنز کی اہم شراکت داری قائم ہوئی۔

ایک موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ڈھاکہ ٹیسٹ میچ ڈرا ہو جائے گا تاہم کپتان بابراعظم نے خود بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت ہوا اور انہوں نے مہدی حسن کو آؤٹ کر کے اپنے کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ کا تیسرا روز بھی بارش سے متاثر

مہدی حسن کے آؤٹ ہوتے ہی کریز پر جمے شکیب بھی اگلے اوور میں چلتے بنے اور یوں بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔

بعد میں آنے والے بیٹرز جن میں تئیج الاسلام اور خالد احمد شامل تھے، ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے اسپنر ساجد خان نے دوسری اننگز میں چار جب کہ میچ میں 12 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے کھیل کے چوتھے روز پہلی اننگز300 رنز 4 کھلاڑی آوٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ پاکستان کے بابر اعظم، اظہر علی، فواد عالم اور محمد رضوان نے نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔

بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں پاکستانی اسپنر ساجد خان کی تباہ کن بولنگ کے آگے نہ چل سکی اور 87 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی تھی۔

 


متعلقہ خبریں