ہم وطن کی حفاظت کے لیے تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، نیول چیف



 پاک بحریہ نے ہنگور ڈے گولڈن جوبلی پرخصوصی ویڈیو ریلیز کردی۔ نیول چیف کا کہنا ہے کہ ہم اپنی مادر وطن کی حفاظت کے لیے تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

پاک بحریہ نے ہنگور ڈے گولڈن جوبلی کے موقع پر خصوصی ویڈیو ریلیز کی ہے۔ویڈیو میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی دشمن کے خلاف لازوال کامیابی کو اجاگر کیا گیا ہے۔1971 کی جنگ میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے بہادری کی عظیم تاریخ رقم کی تھی۔

گولڈن جوبلی ہنگور ڈے کے موقع پر امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پیغام میں کہا ہے کہ 50سال قبل آج کے دن پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے بھارتی جہاز کُکری کو سمندر بُرد اور کرپان کو مفلوج کر کے تاریخ رقم کی تھی۔ یہ جنگِ عظیم دوئم کے بعد کسی آبدوز سے بحری جہاز کو تباہ کرنے کا پہلا اور روایتی آبدوز کے ذریعے تباہ کرنے کا واحد واقعہ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ نہ ہم یہ دن بھولے ہیں اور نہ ہی ہمارا دشمن بھول سکتا ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف حربی تکنیکی مہارت کی بہترین مثال ہے بلکہ دشمن کے جارحانہ عزائم کے جواب میں اپنی بحری سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کا بھی عملی نمونہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ دن ہمیں ہنگور کے عملے کی بہادری، استقامت اور جذبے کی یاد دلاتاہے۔ ہنگور نے پاک بحریہ کے لیے جو کارنامہ سرانجام دیا وہ اللہ تعالیٰ کے خاص کرم، ہماری آبدوز کے تجربہ کار عملے کی پیشہ وارانہ مہارت  کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یہ ثابت کیا کہ بہترین سے کم ہونا ناقابلِ قبول ہے۔ پیشہ وارانہ مہارت اور لگن کے ذریعے ہم تمام مشکلات کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور اپنی سرحدی سالمیت کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی کی تمام جہتوں میں توسیع کے دوران، آبدوزوں کے حصول کا منصوبہ سرفہرست ہے۔ مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں شامل کی جانے والی 8ہنگور کلاس آبدوزیں، ہنگور کی میراث کو آگے لے کر چلیں گی۔ اپنے غازیوں کے اعزاز میں پاکستان میں تعمیر کی جانے والی پانچویں ہنگور کلاس آبدوز کا نام پاک بحریہ آبدوز تسنیم رکھا جائے گا جو کہ اس تاریخی واقعہ کے دوران آبدوز ہنگور کے کمانڈنگ آفیسر کے نام پر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہنگور کا حملہ شاندار تھا لیکن بہادری اور فرض سے لگن کی اور بھی بہت سی داستانیں ہیں، چاہے پھر وہ غازی کی شہادت ہو یا آپریشن سومنات، پاک بحریہ نے میدان جنگ میں ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ میں پاک بحریہ کے فلیٹ اور سب میرین اسکواڈرن کو ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے شاندار خدمات سر انجام دینے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم اپنی مادر وطن کی حفاظت کے لیے تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

 


متعلقہ خبریں