نگراں وزیر اعظم پر اہم پیشرفت، کل نام کے اعلان کا امکان

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی ملاقات کل ہو گی


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کل ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں رہنماؤں میں اسی حوالے سے بات چیت ہو گی۔

سید خورشید شاہ نے کل وزیر اعظم سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ملاقات میں کسی نام پر اتفاق ہو گیا تو کل نگراں وزیر اعظم کے نام کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔ اتفاق نہ ہونے کی صورت میں دو تین روز مزید لگ جائیں گے۔

اس سے پہلے سید خورشید شاہ نے کہا تھا کہ 15 مئی کو نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا لیکن دو دن گزرنے کے باوجود اس سلسلے میں کوئی سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

آئین کی رو سے انتخابات سے قبل نگراں وزیراعظم کے نام کا فیصلہ وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف باہمی مشاورت سے کرتے ہیں، حزب اختلاف کی تمام پارٹیاں اپنے اپنے امیدواروں کے نام قائد حزب اختلاف کے حوالے کرتے ہیں اور وزیراعظم حکمراں جماعت کی جانب سے نامزد امیدواروں کے ناموں کا تبادلہ کرتے ہیں لیکن اس بارمسلم لیگ ن جذبہ خیر سگالی کے طور پر اپنے حق سے دستبردار ہو گئی تھی اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا تھا کہ پیپلز پارٹی جو نام دے گی اسی کو نگراں وزیراعظم نامزد کر دیا جائے گا۔

موجودہ حکومت کی آئینی مدت 31 مئی 2018 کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد نگراں حکومت عام انتخابات تک اپنی ذمہ داریاں انجام دے گی۔


متعلقہ خبریں