میراڈونا کی قیمتی گھڑی چرانے والا بھارتی چور پکڑا گیا


بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بالر  ڈیاگو میراڈونا کی چوری کی گئی گھڑی برآمد کر کے چور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی حکام کے مطابق دبئی سے گھڑی چرانے والے ملزم کو شمال مشرقی ریاست آسام سے حراست میں لیا گیا ہے اور میراڈونا کی کسٹمائزڈ سوئس ساختہ ہبلوٹ گھڑی بھی بر آمد کر لی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فٹبال لیجنڈ میراڈونا کا دل کہاں ہے؟

حکام کا کہنا ہے ملزم دبئی سے گھڑی چوری کرنے کے بعد بھارت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ ملزم نے چوری کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ والد کی بیماری کی وجہ سے آسام واپس آیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دبئی پولیس کی جانب سے خفیہ معلومات ملنے کے بعد ملزم کے خلاف کارروائی کی گئی  اور گھڑی کو بھی بر آمد کر لیا گیا ہے۔

بھارتی پولیس کے مطابق ملزم دبئی کی ایک فرم میں 2016 سے  سیکیورٹی گارڈ کی ملازمت کر رہا تھا ۔ اس فرم میں لیجنڈری فٹ بالر میراڈونا کی مختلف چیزیں محفوظ کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: میراڈونا کی دونوں کلایئوں میں گھڑیوں کا راز رونالڈو نے بتا دیا

چوری ہونے والی گھڑی کے پچھلے حصے پر میراڈونا کی تصویر بنی ہوئی ہے اور ان کی جرسی کے نمبر 10 کےساتھ ساتھ ان کے دستخط بھی موجود ہیں ۔ اس گھڑی کی مالیت 26ہزار ڈالر یعنی تقریباً 46 لاکھ روپے ہے۔

یاد رہے کہ عظیم فٹ بالر میراڈونا نے یہ گھڑی خصوصی طور پر اپنی مرضی کے مطابق بنوائی تھی۔ ڈیاگو میراڈونا گزشتہ سال 60 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔


متعلقہ خبریں