بلوچستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد سپرد خاک


اسلام آباد: بلوچستان میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ  سپرد خاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہید  کرنل سہیل عابد کی نماز جنازہ آرمی قبرستان راولپنڈی میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، شہید کے اہل خانہ، سول ملٹری افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

شہید کرنل سہیل عابد کو بارہ کہو کے قریب گاؤں بوبری میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

قبل ازیں شہید سہیل عابد کے جسدِ خاکی کو وہاڑی میں ان کے آبائی گاؤں پہنچایا گیا تھا اور وہاں بھی ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی تھی، نماز جنازہ میں ان کے عزیز و اقارب، اہل علاقہ، پاک فوج اور سول افسران نے شرکت کی۔

کرنل سہیل عابد شہید کے سوگواروں میں 3 بیٹیاں اورایک بیٹا شامل ہیں، شہید کے گھر پر تعزیت کے لیے آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہید کرنل کے بھائی اور والد کا کہنا ہے کہ سہیل عابد نے قوم کے لیے قربانی دی، ان کی شہادت پر سر فخر سے بلند ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پربلوچستان کے علاقے کلی الماس میں آپریشن کیا گیا جس میں لشکر جھنگوی بلوچستان کے سربراہ سلمان بدینی سمیت تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ان میں دو خودکش بمبار بھی شامل ہیں، ہلاک دہشت گرد ہزارہ کمیونٹی کے 100 سے زائد افراد اور پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نےبتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ملٹری انٹیلی جنس کے کرنل سہیل عابد شہید جبکہ چار جوان زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔


متعلقہ خبریں