دفاع وطن کے لیے ہر قربانی کو تیار ہیں، آرمی چیف


اسلام آباد: بلوچستان میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کرنل سہیل عابد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل جاوید قمرباجوہ نے کہا ہے کہ میرا کوئی سپاہی شہید ہوتا ہے تو لگتا ہے جیسے میرے جسم کا ایک حصہ جدا ہو گیا ہے، وہ رات گزارنا میرے لیے بہت مشکل ہوتی ہے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی ٹوئٹ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ہم وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی کرنل سہیل عابد کی شہادت پر اظہارافسوس کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پرعزم ہو کر لڑتی رہیں گی، ہم بزدل دشمن کے خلاف سینہ سپر رہیں گے، جس طرح ہمارے جوانوں نے پاکستان کی حفاظت کے لیے اپنے خون کی قربانیاں دی ہیں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شہید کرنل سہیل کے اہل خانہ کے ساتھ  دلی تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔

آپریشن رد الفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ملٹری انٹیلی جنس کے کرنل عابد سہیل شہید ہو گئے تھے جبکہ چار جوان زخمی ہوئے تھے۔

آپریشن میں لشکر جھنگوی بلوچستان کے سربراہ سلمان بدینی سمیت تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے جن میں دو خود کش بمبار بھی شامل تھے۔


متعلقہ خبریں