او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس، سیکرٹری سمیت مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری

او آئی سی کے اجلاس، مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری

فائل فوٹو۔–


اسلام آباد: اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور مہمانوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ شب او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ اسلام آباد ائرپورٹ پہنچے۔ جہاں ان کا استقبال وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کیا۔

اس موقع پر حسین ابراہیم طہٰ نے کہا کہ پاکستان نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے اور او آئی سی کانفرنس میں افغانستان کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

بعد ازاں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ پہنچے جہاں ان کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خوش آمدید کہا اور سیکرٹری جنرل او آئی سی کا منصب سنبھالنے پر حسین ابراہیم طہٰ کو مبارکباد دی۔

او آئی سی کے نومنتخب سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین بھی اسلام آباد پہنچ گئے اس موقع پر اسلام آباد ائرپورٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: مشترکہ مفادات پر تعلقات میں وسعت کیلئے پر امید ہیں، آرمی چیف

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ترجمانوں اور پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بھی ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور او آئی سی اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ 19 دسمبر کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اہم اجلاس ہو گا۔ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس 41 برس قبل 1981 کو پاکستان میں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کو امت کی مؤثر آواز کے طور پر فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے جبکہ پاکستان تنظیم کی اقدار اور مقاصد کی پاسداری کے لیے بھی پرعزم ہے۔


متعلقہ خبریں