وسیم اکرم نے 21 ویں صدی کس کھلاڑی کے نام کر دی ؟


قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و مایہ ناز فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کھیل میں اخلاقیات اور مستقل مزاجی کو ایک اچھے لیڈر کی نشانی قرار دیتے ہوئے بابر اعظم کو عظیم کھلاڑی قرار دے دیا۔

لیجنڈری کھلاڑی وسیم اکرم نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کو 21 ویں صدی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا، انہوں نے 27 سالہ کھلاڑی کا موازنہ پاکستان کے اب تک کے عظیم ترین کھلاڑیوں سے کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ پاکستان کی بیٹنگ کی بات کریں تو ظہیر عباس، جاوید میانداد، سلیم ملک، انضمام الحق، یونس خان، محمد یوسف کے نام لیے جاتے ہیں لیکن اب یہ دور بابر اعظم کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی بابر اعظم کی ہے، وہ ایسا کھلاڑی ہیں جن کے اندر بہت صلاحتیں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم کی ٹی20 اور ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی

دبئی کے نیوز پیپر کو انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ انہوں نے بابر اعظم کو 2010 سے کھیلتے دیکھا ہے ، وہ ایک پراپر رینک کے ذریعے یہاں تک پہنچے ہیں، اور گزشتہ تین سالوں سے کراچی کنگز میں بھی ان کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔

پاکستان کے سابق کپتان نے مزید کہا کہ انہیں بابر کا انداز پسند ہے، وہ ہمیشہ اپنی توجہ گیم پر رکھتے ہیں اور اپنی کارکردگی سے کبھی مطمئن نہیں ہوتے جو ایک اچھے لیڈر کی نشانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم میں ایسی صلاحتیں ہیں کہ وہ یقینی طور پر کارکردگی دکھائیں گے اور مستقل مزاجی سے کام لیں گے۔

یاد رہے بابر اعظم تمام فارمیٹس میں پاکستان کی قیادت کر رہے ہیں، اور تینوں فارمیٹس میں آئی سی سی رینکنگ کے ٹاپ 10 میں شامل ہونے والے واحد بلے باز ہیں۔


متعلقہ خبریں