پنجاب میں اسکول کے بچوں کو مفت دودھ ملے گا


لاہور: پنجاب حکومت نے اسکول کے بچوں کے لیے دودھ پروگرام کا آغاز کر دیا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے اسکول کے بچوں کے لیے دودھ پروگرام کی تقریب یونیورسٹی آف لاہور میں ہوئی۔ جس میں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک حسنین بہادر دریشک اور صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ پاکستانی بچوں میں غذائی قلت کی شرح تشویشناک حد تک زیادہ ہے جس پر قابو پانے کے لیے حکومت نے اسکول مِلک پروگرام شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 6 ماہ کے لیے شیخوپورہ اور اٹک کے 89 پرائمری اسکولوں میں بچوں کو روزانہ دودھ مفت فراہم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب، تعلیمی اداروں میں تعطیلات دو مراحل میں ہوں گی

یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بچوں میں غذائی قلت کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور ان کے ویژن کی روشنی میں اس منصوبے کا آغاز کیا گیا۔

صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا کہ غذائی قلت ایک عالمی مسئلہ ہے اور بدقسمتی سے پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں بچوں کی بڑی تعداد غذائی قلت، نشوونما میں کمی اور کم وزن کا شکار ہے۔


متعلقہ خبریں