اسکول نے امتحانی پرچے میں کرینہ اور سیف کے بیٹے کا نام پوچھ لیا


بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک نجی اسکول نے امتحانی پرچے میں بالی ووڈ اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور کے بیٹے کا نام پوچھ لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک نجی اسکول میں چھٹی کلاس کے جنرل نالج  کے پیپر میں حالات حاضرہ کے طور پر سیف علی خان اور کرینہ کپور کے بیٹے  کا نام پوچھا گیا۔ جس پر اسکول کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

پرچے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں جنرل نالج کے سیکشن میں 5 سوال پوچھے گئے ہیں جن میں ایک سوال ہے کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان کے بیٹے کا پورا نام لکھیں۔

پرچے میں عجیب سوال آنے پر  طلبا کے والدین کی تنظیم نے اسکول کے خلاف شکایت  کرتے ہوئے ریاستی  محکمہ تعلیم سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرینہ کپور کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

پیرنٹس ایسوسی ایشن کا کہناہے کہ اسکول طلبا سے اس قسم کے غیر سنجیدہ سوال کیسے کر سکتی ہے؟ پرچے میں تاریخی شخصیات سے متعلق سوال پوچھنے کے بجائے بالی ووڈ اداکار کے بیٹے کا نام پوچھنا تعلیمی نظام پر سوال ہے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے شکایت پر ایکشن لیتے ہوئے اسکول کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کے شو کاز نوٹس کے جواب  کی بنیاد پر کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ اور دیگر کلاسوں کے پرچوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور کے بڑے بیٹے کا نام  تیمور علی خان ہے اور چھوٹے بیٹے کا نام جہانگیر علی خان ہے ۔ کرینہ اور سیف کے بیٹے اپنے ناموں کی وجہ سے پہلے بھی خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں