امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی غیر قانونی ہے، سعودی وزیر خارجہ


قاہرہ: سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا ہے۔

عرب وزرائے خارجہ ہنگامی اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سفارت خانے کی منتقلی کے امریکی اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے سفارت خانےکی منتقلی کو فلسطینی مفادات کےخلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت میں تبدیلی کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔

سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیرنے فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر وزرائے خارجہ نے بھی مطالبہ کیا کہ دنیا غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے جرائم کا نوٹس لے۔

پیر کے دن اسرائیلی فورسز نے غرہ میں کارروائی کرتے ہوئے 60 فلسطینیوں کو جاں بحق کر دیا تھا۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب فلسطینی امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔


متعلقہ خبریں