کورونا کے 886 مریض غلطی سے صحت مند قرار


سڈنی: آسٹریلیا میں لیب کی غلطی سے 886 کورونا کے مریضوں کو صحت مند قرار دے دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ایک لیبارٹری نے 886 کورونا کے مریضوں کی غلط ٹیسٹ رپورٹ جاری کر دی اور کورونا کے 886 مریضوں کو صحت مند قرار دے دیا۔

لیبارٹری انتظامیہ نے کہا کہ کرسمس پر غیرمعمولی تعداد میں کورونا کی ٹیسٹنگ اور ڈیٹا پروسسنگ میں غلطی کی وجہ سے کورونا مریضوں کی غلط رپورٹس جاری کی گئیں۔

کورونا سے متاثرہ افراد نے غلط رپورٹس جاری کرنے پر لیبارٹری انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ افراد نے کہا کہ لیب کی غلط رپورٹس کی وجہ سے ان کے پیاروں کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اومیکرون، نئی دہلی میں بھی لاک ڈاؤن نافذ

واضح رہے کہ چند روز قبل اسی لیب نے 400 ایسے افراد کی رپورٹس جاری کی تھیں جو صحت مند تھے لیکن انہیں کورونا کا مریض قرار دے دیا گیا تھا اور لیب نے اس غلطی پر معافی مانگی تھی۔

لیب انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کا نظام آٹو میٹک ہے لیکن کام کے غیرمعمولی دباؤ کی وجہ سے مشینیں غلط رپورٹ دے دیتی ہیں تاہم اب اسے مینوئل کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں