بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ،5 مشتبہ افراد گرفتار،ملزمان کی تصاویر بھی مل گئیں


مسلم لیگ ن کے ایم پی اے  بلال یاسین پر قاتلانہ حملے  کے کیس میں 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز سے  ملزمان کی تصاویر بھی حاصل کر لی گئیں۔

ن لیگی ایم پی اے  بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ تفتیشی ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

پولیس حکام  کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے  اس سے قبل تین اسلحہ ڈیلرز کو بھی حراست میں لیا تھا۔  ملزمان کی جانب سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول نیلا گنبد اسلحہ مارکیٹ سے خریدا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ  مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کو بیک ٹریک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ بلال یاسین پر حملہ کرنے والے ملزمان کے بہت قریب ہیں۔ جلد ہی مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:کسی سے دشمنی نہیں، اکیلا ہی رہتا ہوں، بلال یاسین

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تصاویر  بھی حاصل کرلی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق  تصویر میں حملہ آوروں نے اپنے منہ پر رومال لپیٹ رکھے تھے۔ ایک ملزم نے سبز اور دوسرے نے کالے رنگ کی جیکٹ پہن رکھی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ  کچھ دور جا کر حملہ آوروں نے  چہروں سے رومال ہٹا لیے۔ ملزموں کی تصاویر نادرا کو بھجوا دی گئی ہیں۔ نادرا کی جانب سے تصاویر سے ملزمان کی شناخت معلوم ہوسکے گی۔

یاد رہے کہ بلال یاسین پر قاتلانہ حملے میں استعمال ہونے والا پستول پولیس کو مل چکا ہے۔ ملزمان نے جس پستول سے فائرنگ کی وہ فرار ہوتے ہوئے نیچے گر گیا تھا۔پستول کس کے نام رجسٹرڈ ہے،مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز رکن صوبائی اسمبلی بلال یاسین پر لاہور میں  قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔ جس میں وہ زخمی ہوگئے تھے بعد ازاں انہیں علاج معالجہ کیلئے میو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

 

 


متعلقہ خبریں