شفاف انتخابات: الیکشن کمیشن حکام سینیٹ قائمہ کمیٹی میں طلب


اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے الیکشن کمیشن حکام کو 21 مئی کو طلب کر لیا ہے۔

چیئرپرسن قائمہ کمیٹی سسی پلیجو نے کمیٹی اجلاس میں  کہا کہ آنے والے عام انتخابات کی شفافیت پر سوالات  اٹھ  رہے ہیں، الیکشن کمیشن درپیش مشکلات سے پارلیمان کو آگاہ کرے، ان کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات بر وقت ہونےچاہییں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے مختلف حلقے شفاف الیکشن کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں جس کی بازگشت قومی اسمبلی، سینیٹ اور قائمہ کمیٹی برائے  پارلیمانی امور میں بھی سنی گئی۔

منگل کے روز پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار شفاف الیکشن کے لیے حلف اٹھایا گیا جس میں ابتدائی طور پر کے پی اور فاٹا کے 32 ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسرز (ڈی آراوز)  شریک ہوئے، حلف اٹھانے والوں میں خیبرپختونخوا کے 25 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز جبکہ فاٹا سے سات پولیٹکل ایجنٹس شامل تھے۔

اس موقع پر ممبرالیکشن کمیشن جسٹس ریٹائرڈ  ارشاد  قیصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدلیہ پر ایک بار پھر بھاری ذمہ داری ڈالی گئی ہے جسے  بھرپور انداز میں نبھایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں