لیڈی ڈیانا کے ڈاکٹر حسنات اب ہمایوں سعید ہوں گے؟


برطانوی شاہی خاندان کی کہانی پر مبنی نیٹ فلیکس سیریز ’دی کراؤن‘ کا پانچواں سیزن  2022 میں ریلیز کیا جائے گا، جس میں لیڈی ڈیانا کی وہ زندگی دکھائی جائے گی، جہاں انہیں پاکستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرسرجن ڈاکٹر حسنات سے محبت ہو گئی تھی۔

سیریز میں لیڈی ڈیانا جس ڈاکٹر کی محبت میں گرفتار دکھائی دیں گی اس کے لیے پاکستانی سپر اسٹار ہمایوں سعید کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے یہ کردار فواد خان کو دیے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی تھیں۔

تاہم دیگر صحافیوں کے ساتھ اداکار اور مصنف واسع چوہدری نے ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا ہے  کہ پاکستانی فلم سٹار ہمایوں سعید برطانوی شاہی خاندان پر مبنی نیٹ فلکس سیریز ’دی کراؤن‘ میں لیڈی ڈیانا کے قریبی دوست اور پاکستانی نژاد برطانوی سرجن ڈاکٹر حسنات خان کا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ہور کوئی ہمایوں سعید لائق خدمت؟

ہمایوں سعید یا ان کی ٹیم نے تو اس بات کی تصدیق نہیں کی، تاہم ان کے ساتھی اداکاروں کی طرف سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستانی اسٹار ماہرہ خان نے بھی ٹوئٹ میں ہمایوں سعید کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ” واٹ آ شو، واٹ آ اسٹار ؟ ماشااللہ، ہمیں آپ پر فخر ہے۔

پاکستان کے سپر اسٹار اداکار ہمایوں سعید نے اداکاری کی دنیا کو اپنی زندگی کے 26 سال دئیے ، جس میں انہوں نے اداکار اور پروڈیوسر کے طورپر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے کئی ہٹ فلمیں اور ڈرامے دئیے۔

یاد رہے نیٹ فلیکس کے شو میں 90 اور 2000 کی دہائی میں برطانوی ملکہ الزبتھ دوم اور ان کے دورِ حکومت کو تشکیل دینے والے سیاسی اور ذاتی واقعات کو ڈرامائی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

دی کراون میں پرنسز آف ویلز شہزادی ڈیانا کا کردار آسٹریلوی اداکارہ الیزابتھ ڈیبیکی نبھا رہی ہیں۔ اب تک سیریز ’بہترین ڈرامے‘ کے لیے ایمی اور گولڈن گلوب ایوارڈز جیت چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایمی ایورڈز کا تاج نیٹ فلیکس نے ایچ بی او سے چھین لیا

پاکستان میں پیدا ہونے والے برطانوی ہارٹ سرجن ڈاکٹر حسنات لندن کے کئی ہسپتالوں میں کام کر چکے ہیں۔ ان کی ڈیانا سے پہلی ملاقات لندن کے ہی رائل برمپٹن ہسپتال میں ہوئی تھی۔

واضح رہے ڈاکٹر حسنات خان کو برطانوی شہزادی ڈیانا کی ’حقیقی محبت‘ قرار دیا جاتا ہے، جنہیں وہ ’مسٹر ونڈرفل‘ کے نام سے پکارتی تھیں۔


متعلقہ خبریں