قائمہ کمیٹی میں گرما گرمی، اسٹیٹ بینک پر حکومت پاکستان کا کنٹرول برقرار رہے گا،شوکت ترین


قائمہ کمیٹی خزانہ میں گرما گرمی ہو گئی، وزیر خزانہ اور سینیٹر قیصر احمد شیخ الجھ پڑے،شوکت ترین نے کہا ہےکہ اسٹیٹ بینک مادر پدر آزاد نہیں ہو گا اس پر حکومت پاکستان کا کنٹرول برقرار رہے گا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس فیض اللہ کی زیر صدارت ہوا،قیصراحمد شیخ نے کہا کہ ضمنی فنانس بل کی منظوری میں جلدی نہ کی جائے،بینکرز وزارئے خزانہ رہے ہیں اور معیشت کو اس حال تک پہنچا دیا۔

وزیرخزانہ شوکت ترین نے قیصراحمد شیخ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے میٹھے انداز میں جوتے مارے،میں بھی منتخب سینیٹرہوں،اگرہم سینیٹ کوپارلیمنٹ نہیں سمجھتے تو سینیٹ کوبند کردیں۔

وزیرخزانہ شوکت ترین نے کمیٹی کو بتایا کہ سٹیٹ بینک پرحکومت پاکستان کا کنٹرول رہے گا،حکومت سٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے نام نامزد کرے گی،بورڈ ارکان کے تقرر کی منظوری کا اختیار بھی حکومت کے پاس ہوگا،اسٹیٹ بینک آف پاکستان مادر پدر آزاد نہیں ہوگا۔۔

شوکت ترین نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ آپ سٹیٹ بینک سے قرضہ نہیں لیں گے،حکومت نے ویسے بھی ڈھائی سال سے مرکزی بینک سے کوئی قرضہ نہیں لیا، البتہ پہلے سے 7 ہزار ارب روپے قرضے کا حجم موجود ہے۔

وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ مارچ میں 50 کروڑ ڈالر کے بدلے بعض سخت شرائط مانی گئیں،تاہم موجودہ بل اس سے بہت حد تک مختلف ہے،روپے کو مصنوعی طریقہ سے روک کر 16 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہ نما احسن اقبال نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ پارلیمان کے سامنے ہیں اس آوازمیں بات نہیں کرسکتے،وہ ممبران کوڈانٹ رہے ہیں،ہمیں یہاں کے ماحول کو بہتر کرنا ہے۔

احسن اقبال نے استفسار کیا کہ 40 فیصد روپے کی قدر میں کمی کرکے کونسی برآمدات بڑھائی گئیں؟  کیا ہم نے اس بل کو اسی طرح منظور کرنا ہے یا پھر اس میں ردوبدل کا اختیار رکھتے ہیں؟ہم اپنا اعتراض لکھ دیں گے، ٹائم بھی بچ جائے گا۔

چیئرمین کمیٹی فیض اللہ کا کہنا تھا کہ اگریہاں کوئی ممبران پارلیمنٹ کو ڈانٹے گا تو وہ اسے کمیٹی میں بیٹھنے نہیں دیں گے، انہوں نے اس بل کو تفصیلی طور پر پڑھا ہے، وہ اپنے صاف کپڑوں پر کوئی داغ نہیں دیکھنا چاہتے۔

گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقرنے کہا کہ پہلے یہ جعلی خبریں چلائی گئیں کہ حکومت نے اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کو بیچ دیا،یہ تاثر دینا غلط ہے کہ آئی ایم ایف کو اسٹیٹ بینک کا مالک بنایا جارہا ہے،میری کوئی دوسری نیشنلٹی نہیں ہے میں پاکستانی ہوں۔


متعلقہ خبریں