مری انگریزوں کے ڈھانچے پہ چل رہا ہے، ریاستی ڈھانچہ بہتر کیا جائے: وفاقی وزیر

National Assembly

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ مری میں ریاستی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مری ابھی تک انگریزوں کے دیے گئے ڈھانچے پر چل رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے بھی سانحہ مری پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا

ہم نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ ساری دنیا میں ایڈوانس بکنگ کا نظام چلتا ہے لیکن وہ متعارف کرانے سے بہت سے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی دستیابی کے تحت ہی کنکشنز دیں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں کل نجی کارروائی کا ایجنڈا معطل کرنے کی تحریک منظور کی گئی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت عامر ڈوگر نے کہا کہ فنانس بل پرکل اور پرسوں ایوان میں بحث کرائی جائے گی۔

پی پی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ سانحہ مری حکومت کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وزیر نے کہا کہ ہم ایکٹو ہوئے تو24 گھنٹے میں مسائل حل ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ
اگر یہ 24  گھنٹے پہلے متحرک ہو جاتے توسانحہ روکا جا سکتا تھا۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ میں شہباز شریف سے اختلاف کرتا ہوں کہ پنجاب کا نیرو بانسری بجا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کہتا ہے کہ میں سیکھ رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ سیکھے گا تو پتہ نہیں کیا کرے گا؟ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ماننا چاہیے کہ ان سے غلطی ہوئی۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے تجاویز پیش کیں کہ سیاحتی علاقوں میں ایمرجنسی لین بنائی جائے، سیاحتی مقام فورٹ منرو اور وادی سون سکیسر کو پروموٹ کیا جائے۔ انہوں نے سانحہ مری کو افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ کی شدید قلت ہے۔

ماضی میں مری پر وسائل خرچ کیے ہوتے تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتے، فواد چودھری

ہم نیوز کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے اپنے خطاب میں دریافت کیا کہ موسم خرابی کی اطلاعات تھیں تو سیاحوں کو مری کیوں جانے دیا گیا؟

انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں مجرمانہ غفلت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے گزر جانے کے بعد کہا جا رہا ہے کہ شیشے نیچے کر لیتے تو بچ جاتے۔

قومی اسمبلی سے خطاب میں مولانا اسعد محمود نے کہا کہ لوگوں کو اس واقعے سے بڑا صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے رضاکاروں نے مری میں ریلیف سینٹر قائم کیا اور مدد پہنچائی۔ ان کا کہنا تھا کہ مدد پہنچانے والی وہی انصارالاسلام تنظیم ہے جس پر عثمان بزدار نے پابندی لگائی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سانحہ مری بہت افسوسناک واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں عام برفباری نہیں ہوئی بلکہ برفانی طوفان آیا تھا۔

صداقت عباسی نے کہا کہ برفانی طوفان کی وجہ سے درخت اور کھمبے گرے، پیدل چلنا نا ممکن ہو گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ گاڑیوں میں لوگ موجود تھے، جن میں ہیٹر چلائے گئے، کاربن مونو آکسائیڈ کے باعث لوگ بیہوش ہوئے اور پھر اموات ہوئیں۔

سانحہ مری پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، عمران خان استعفیٰ دیں: شہباز شریف

قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران صداقت عباسی نے کہا کہ نمک کا اضافی اسٹاک ہونے کے باوجود وہاں نہیں پہنچایا جا سکا۔


متعلقہ خبریں