بلاول بھٹو نے لاڑکانہ سے انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا


لاڑکانہ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ سے انتخاب لڑنے کا با ضابطہ اعلان کردیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اقتدار میں ہو یا نہ ہو لیکن اس نے ہمیشہ عوام کے لیے ہی کام کیا ہے اس لیے میں لاڑکانہ سے انتخاب جیت کر آپ کا نمائندہ بنوں گا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف سے کہیں زیادہ غیر ذمہ دارانہ  بیان  وزیراعظم  شاہد خاقان عباسی نے دیا ہے جو افسوسناک ہے، وزیراعظم  کو کم از کم ملک کے لیے سوچنا چاہیے تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو 15 اپریل کو پانی ملنا تھا جو ابھی تک نہیں ملا، کب پانی ملے گا؟ کب بیج لگیں گے؟ کب فصل ہوگی؟ اگر زراعت تباہ ہوئی تو ملک کیسے ترقی کرے گا؟

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ن لیگ نے اس ملک کو وفاق کے طور پر نہیں بلکہ ون یونٹ کے طور پر چلایا ہے، صوبوں کے وسائل جو یہاں خرچ ہونے تھے وہ روک  لیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران روزانہ جھوٹ بولتے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ ختم ہو گئی ہے، جاتی امرا میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو گئی ہو گی، بجلی دے نہیں رہے لیکن بجلی کے  بل دگنے آ رہے ہیں، عوام مسائل سے دوچار ہیں لیکن میاں صاحب اپنی ذات سے ہی نہیں نکل رہے۔

بلاول بھٹو نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو تو عوام کے حقیقی مسائل کا علم ہی نہیں، ان  کی نظر صرف کرسی اور اقتدار پر ہے۔


متعلقہ خبریں