قومی کرکٹر یاسر شاہ نے بے گناہی ثابت ہونے پر بڑا اعلان کر دیا


لاہور: قومی کرکٹر یاسر شاہ نے مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار دیئے جانے کے بعد ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ کو مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ قرار دے دیا گیا۔ جس کے بعد تھانہ شالیمار ‏نے یاسر شاہ کا نام ایف آئی آر سے خارج کر دیا۔

متاثرہ خاتون نے بھی اعتراف کیا کہ یاسر شاہ کا نام غلط بیانی پر ایف آئی آر میں شامل ہوا جبکہ ایس ‏ایچ او تھانہ شالیمار نے بتایا کہ یاسر شاہ کا کیس سے کوئی تعلق نہیں۔

متاثرہ خاتون نے بھی ‏یاسر شاہ کا نام نکالنے کا کہا۔

بے گناہی ثابت ہونے کے بعد یاسر شاہ نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے بدنام کرنے والوں کے ‏خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے دانش کنیریا کی درخواست مسترد کر دی

یاسر شاہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، اہلخانہ، مداحوں اور سپورٹرز کی دعاؤں سے میرے خلاف ‏ہراسگی کا کیس ختم ہو گیا اور یہ سب ان لوگوں کے اعتماد اور بھروسے کے بغیر ممکن نہیں تھا۔

یاسر شاہ نے کہا کہ میں پاکستان کی نمائندگی کرتا ہوں اور جو میری کردار کشی کرے گا اور بدنام ‏کرنے کی کوشش کرے گا تو وہ پاکستان کی بدنامی ہو گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں پاکستان کے مایہ ناز اسپنر یاسرشاہ کے قریبی دوست کے خلاف ‏زیادتی کے الزام پر مقدمہ درج کیا گیا تھا اور متاثرہ لڑکی کی خالہ نے درج مقدمے میں ‏یاسر شاہ پر بھی الزامات عائد ‏کیے تھے۔


متعلقہ خبریں