حزب اختلاف بزدلوں کا گروہ ہے، ان سے کچھ نہیں ہونے والا، شیخ رشید


راولپنڈی: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حزب اختلاف بزدلوں کا گروہ ہے اور ان سے کچھ نہیں ہونے والا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیاست لوگوں کی فلاح کے لیے ہے نقصان پہنچانے کیلئے نہیں اور شہباز شریف عمران خان کے لیے ڈراؤنا نہیں بلکہ سہانا خواب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تقریر آپ کر سکتے ہیں کر لیں لیکن ناکامی آپ کا مقدر ہے اور سیاست میں چاروں شریف مائنس ہیں اب ان کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ اگر میں مری نہ جاتا تو 23 کی بجائے 40 لوگ مر جاتے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ حزب اختلاف جتنی مرضی کوشش کریں کچھ نہیں ہونے والا اور یہ بزدلوں کا گروہ ہے جو پیسہ بنانے کے لیے سیاست کرتے ہیں لیکن ان کے نصیب میں پیسے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا 3 مہینے حکومت کے لیے بہت اہم ہیں اور ان ہاؤس تبدیلی ایک خواب ہے۔ عمران خان ہی پی ٹی آئی کا لیڈر ہے اور وہی رہے گا جبکہ عمران خان کے علاوہ باقی سب ہلکی پھلکی موسیقی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: غیر ملکیوں کو سرمایہ کاری کیلئے شہریت دینے کا فیصلہ کیا ہے، معید یوسف

وزیر داخلہ نے کہا کہ بیوروکریسی طاقتور نہیں بلکہ ہمارے ان سے اچھے تعلقات ہیں۔ بیماری کا ڈرامہ کرنے والے حقیقت میں بیمار ہو جاتے ہیں جبکہ میں نے دنیا میں ایسا سیاستدان نہیں دیکھا جو حکومت گرانے سے زیادہ لندن بھاگنے پر محنت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باتیں کرنے والے سارے چھانگا منگا کی پیدوار ہیں اور کوئی ٹف ٹائم دیتی نظر نہیں آ رہی۔ 23 مارچ کی پریڈ میں آپ کے جلسے سے زیادہ لوگ ہوں گے۔


متعلقہ خبریں