ن لیگ سے شریفوں کو نکالنے کی نئی آڈیو سامنے آنے والی ہے، شہباز گل


اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ سے شریفوں کو نکالنے کی نئی آڈیو سامنے آنے والی ہے۔ چاروں شریف ڈیل اور ڈھیل دینے کے باوجود نہیں بچ سکتے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ن لیگ سب کو فون کر کے کہہ رہی ہے کہ ڈیل ہو گئی ہے لیکن جب ہم نے ن لیگ سے سوال کیا تو وہ صفائیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ سب سے کہہ رہی ہے کہ بات بن گئی ہے لیکن ہمارے انکشافات سے ان کی چیخ و پکار شروع ہو گئی ہے اور حزب اختلاف کی کاوشیں اپنے ہی دام میں صیاد آ گیا کے مصداق ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ لیگی رہنماؤں سے سوال ہے وہ پارٹی کو کیوں ٹیک اوور کرنا چاہتے ہیں۔ پہلی ڈیل شریف فیملی نے ضیاالحق اور دوسری جونیجو کے ساتھ کی تھی۔ نواز شریف نے پرویز مشرف کے ساتھ ڈیل کی اور پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔ ہر وقت ہر کسی سے ہر شے مانگنا شریف فیملی کی ڈاکٹرائن ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف فیملی نے ہر صحافی سے ڈیل کی بات کی ہے اور ڈیل کے بعد ساری شریف فیملی منظر عام سے غائب ہو گئی۔ پہلے ڈیل سے انکار کرتے رہے پھر کہا 10 کے بجائے 5 سال کی ڈیل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فارن فنڈنگ کا الزام لگانے والے معافی مانگیں، فرخ حبیب

معاون خصوصی نے کہا کہ مقصود چپڑاسی شریف فیملی کا 9 ہزار روپے پر ملازم ہے تو مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 3700 کروڑ روپے کس نے ڈالے ؟ ایک نئی آڈیو سامنے آنے والی ہے جس میں ن لیگ سے شریفوں کو نکالنے کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں پانچواں شخص بھی 4 کے ٹولے میں شامل ہونے کی کوشش کر رہا ہے اور پکڑے جانے پر ان کی کوشش ہے کہ ن لیگ پر قبضہ کر لیا جائے۔

شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بھی کچھ لوگوں کو صحت کارڈز دیئے ہیں اور لاہور کے 2 اسپتالوں میں مبینہ طور پر 3 ارب روپے کا گھپلا کیا گیا۔ چاروں شریف ڈیل اور ڈھیل دینے کے باوجود نہیں بچ سکتے۔

شہباز گل نے کہا کہ شریفوں کی ڈاکٹرائن اقتدار میں آنا، مال بنانا، ڈیل کرنا اور بھاگ جانا ہے جبکہ شریف فیملی نے ڈیل کے لیے بیرون ملک سے بھی کالز کروائیں لیکن عمران خان نے ڈیل کا ویل پنکچر کر دیا۔


متعلقہ خبریں