اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی


اسلام آباد: روس کے دارالحکومت ماسکو میں اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی قومی ٹیم آج صبح وطن واپس پہنچ گئی۔

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر شاہین بچوں اور پوری ٹیم مینجمنٹ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں ازبکستان کی ٹیم نے پاکستان  کو پانچ کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی تھی۔ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم  دوسرے نمبر پر آئی اور چاندی کے تمغے کی حقدار ٹھہری۔

فائنل میچ کے مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا۔ بعد ازاں میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر کیا گیا۔

پاکستان کی اسٹریٹ چلڈرن فٹ بال ٹیم کے کوچ عبدالرشید اور کپتان محمد عبداللہ ہیں۔ فٹ بال کے اس میلے کا انعقاد چندہ اکٹھا کرنے والی غیرسرکاری امدادی تنظیموں نے کیا تھا۔

’مستقبل تم سے ہے ‘کی تھیم پر ہونے والے اس ’میلے‘ کا مقصد دنیا بھرمیں بے گھر بچوں کے حقوق کے لیے شعورکو اجاگر کرنا تھا۔

پاکستان اسٹریٹ چلڈرن کی فٹ بال ٹیم کی تربیت کے انتظامات میں ایک بین الاقوامی تنظیم ’مسلم ہینڈز‘ نے معاونت کی تھی۔

پاکستان کی اسٹریٹ چلڈرن پر مشتمل فٹبال ٹیم 2014 کے ورلڈ کپ مقابلے میں تیسرے نمبر پر آئی تھی اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔


متعلقہ خبریں