ادکارہ میرا کے تکذیب نکاح کیس کی سماعت آج ہوگی

Meera

لاہور: اسکینڈل کوئین ادکارہ میرا کے تکذیب نکاح کے مقدمہ کی سماعت آج فیملی کورٹ میں ہوگی۔

تکذیب نکاح کے مقدمہ کی گزشتہ پانچ سماعتوں پرادکارہ میرا عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔

مقدمے کی سماعت فیملی جج بابر ندیم کریں گے۔ بابر ندیم نے آج کی سماعت کے لیے دونوں  فریقین عتیق الرحمان اور میرا کو عدالت میں طلب کر رکھا ہے تاکہ مقدمے کے فیصلے سے پہلے دونوں کو سمجھوتے کے لیے ایک موقع فراہم کیا جا سکے۔

گزشتہ سماعت کے دوران اداکارہ میرا کے وکیل نے مبینہ نکاح کروانے والے نکاح خواں پر جرح مکمل کی تھی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اداکارہ میرا نےموقف اختیار کیا تھا کہ عدالت میں جھوٹا نکاح نامہ پیش کیا گیا  اور نکاح خواں بھی غلط بیانی سے کام لے رہا ہے۔ اگر عتیق الرحمان کا دعویٰ سچا ہے تو اسے چاہیے کہ نکاح کا دعوت نامہ یا نکاح کی کوئی تصویر عدالت میں پیش کرے۔

28 مارچ 2018  کو مبینہ  نکاح خوان حامد خان نے عدالت میں یہ بیان دیا تھا کہ میں نے گواہوں کی موجودگی میں تمام شرعی تقاضے پورے کرتے ہوئے اداکارہ میرا کا نکاح عتیق الرحمان نامی شخص سے کروایا تھا۔

2009 میں فیصل آباد کے بزنس مین عتیق الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ 2007 میں اداکارہ میرا ان کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئی تھیں۔ اداکارہ میرا نے اس دعویٰ کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے  جولائی 2009 میں فیملی کورٹ میں مبینہ نکاح کی تکذیب کے لیےعتیق الرحمان کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔


متعلقہ خبریں