شہباز شریف کا مقدمہ لائیو ٹیلی کاسٹ ہونا چاہیے، فواد چودھری

یوسف رضاگیلانی شریف آدمی ہیں، استعفیٰ بلاول کا بنتا ہے: فواد چودھری

وزیراطلاعات فواد چودھری نے مطالبہ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا مقدمہ لائیو ٹیلی کاسٹ ہونا چاہیے تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ کیس کیا ہے اور کس طرح شہبازشریف نے ملک کو لوٹا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ شہباز شریف جب وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے مقامی حکومتیں ختم کر کے سارے وسائل اپنے پاس رکھ لئے، اس کے بعد سارا پیسہ شہباز شریف اینڈ کمپنی اپنے اکائونٹس میں جمع کرواتی رہی، ملک مقصود رمضان شوگر مل میں چپڑاسی بھرتی ہوئے، اس کے اکائونٹ میں چار ارب روپے نکلے، منظور پاپڑ اور مشتاق چینی کے ناموں سے اربوں روپے کی ٹی ٹیز شہباز شریف اور ان کے بچوں کے اکائونٹس میں گئیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اسی نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں، بااختیار مقامی حکومتوں کے نظام سے ایسے نظام کا خاتمہ ہوگا، ہمارا مطالبہ ہے کہ شہباز شریف نواز شریف کے واپس نہ آنے کی وجوہات بتائیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اپنے عالیشان محلوں میں میڈیا سے ملاقاتیں کرتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ یہ میرا گھر نہیں ہے۔ تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والا کہتا ہے کہ میرے بچوں پر پاکستانی قانون ہی لاگو نہیں ہوتا، نواز شریف اور زرداری اینڈ کمپنی نے اربوں روپے قوم کے لوٹے، قوم اس پیسے کا حساب چاہتی ہے۔

اپوزیشن کا اموات پر سیاست کرنا بدقسمتی ہے، فواد چوہدری

انہوں نے کہا کہ عوام کا حق ہے کہ وہ دیکھ سکیں کہ ان پر الزامات سچے ہیں یا نہیں، ہماری عدلیہ سے استدعا ہے کہ ان کے مقدمات پر سماعت براہ راست عوام کو دکھائی جائے، ساڑھے تین سال گذر گئے ہیں، ان سے ریکوریاں بہت ضروری ہیں، ان کا بچہ پیدا بعد میں ہوتا ہے، محل اس کے نام پر پہلے خرید لیا جاتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے مقامی حکومتوں کے حوالے سے انقلابی اقدامات اٹھائے، کسی بھی حکومت نے اس سے پہلے اس طرح کا نظام نہیں دیا جس میں مقامی سطح پر لوگوں کو بااختیار بنایا جائے، 18 ویں ترمیم کے ذریعے اختیارات کی تقسیم وفاق سے صوبوں کو منتقل کر دی گئی لیکن صوبوں سے اضلاع کو اختیارات منتقل نہیں ہوئے، آج اسی وجہ سے شہروں میں مسائل ہیں، صوبائی حکومت کراچی کو اس کا حصہ نہیں دے رہی، باقی شہر بھی اسی لئے پس رہے ہیں کہ انہیں ان کا حصہ نہیں مل رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام بنانے کا فیصلہ کیا ہے،اس نظام کے ذریعے نہ صرف نیشنل فنانس کمیشن سے پیسہ صوبوں کو منتقل ہوگا بلکہ صوبوں سے اضلاع کو بھی منتقل ہوگا، اس نظام کے تحت براہ میئر براہ راست منتخب ہوگا جو اپنے اضلاع کو چلائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہی ماڈرن نظام نیویارک، لندن اور پیرس میں بھی چل رہا ہے،بدقسمتی سے سندھ حکومت نے ایک مرتبہ پھر اپنے لوگوں کو اس حق سے بھی محروم کر دیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ حکومت نے سندھ کے لوگوں کو صحت کارڈ اور راشن کارڈ جیسی سہولت بھی نہیں لینے دی، لوکل گورنمنٹ کی بنیادی اصلاحات میں بھی سندھ حکومت نے حصہ نہیں ڈالا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ن لیگ اور پی پی پی کا ماڈل ہے کہ وسائل اپنے نامزد شخص کے پاس رکھے جائیں، دونوں جماعتوں نے اکائونٹس کا نیٹ ورک تشکیل دیا، اومنی سکینڈل میں پانچ ہزار جعلی اکائونٹس بنائے گئے۔


متعلقہ خبریں