دسمبر میں مردم شماری، جنوری میں حلقہ بندیاں ہوں گی، فواد چودھری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ دسمبر میں مردم شماری اور جنوری میں حلقہ بندیاں ہوں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان میں اسمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی متعارف کروائی اور کورونا سے متعلق پاکستان کی پالیسی کامیاب رہی۔ کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین بہت ضروری ہے اور جنہوں نے ویکسین لگوائی ان پر بہت کم اثرات مرتب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے مردم شماری کے لیے 5 ارب روپے کی منظوری دی ہے اور دسمبر میں مردم شماری مکمل ہو گی جبکہ جنوری میں حلقہ بندیاں ہوں گی اور 2023 کے انتخابات نئی حلقہ بندیوں پر ہوں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ نے کریمنل لاء ترامیم کی منظوری دی ہے اور ترمیم کے تحت ہر کریمنل کیس کا فیصلہ 9 ماہ میں کرنا لازمی ہو گا۔ فیصلے میں زائد وقت لگا تو مجسٹریٹ یا جج وجوہات بیان کرے گا کہ التواء کیوں ہوا۔ اگر متعلقہ جج مناسب وجوہات بیان نا کر سکا تو کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او کی تعلیمی قابلیت کم از کم بی اے لازمی ہو گی اور پراسیکیوشن کے دائرہ اختیار کو بھی بڑھایا جا رہا ہے۔ ہر کریمنل کیس کا فیصلہ 9 مہینے میں کرنا ہو گا اور 9 ماہ میں فیصلہ نہ کرنے پر جج چیف جسٹس کو وجہ لکھ کر دے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اورنگی ٹاؤن ریگولرائز کرنا مشکل لیکن بنی گالہ نہیں، بلاول بھٹو

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پولیس کو ضمانت کی طاقت دی جا رہی ہے اور پلی بارگین کریمنل مقدمات میں شامل کر رہے ہیں۔ چالان پیش کرنے کی مدت 14 دن سے بڑھا کر 45 دن کرنے کی تجویز دی ہے جبکہ چیک کے مقدمات میں ضمانت ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماڈرن ڈیوائسز کو شواہد کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے اور کرپشن سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کابینہ اجلاس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر بھی گفتگو ہوئی پاکستان کا اسکور رول آف لاء کے باعث نیچے گیا فنانشل کرپشن میں اضافہ نہیں ہوا۔ پاکستان میں رول آف لاء پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ کرپٹ ٹولے نےمحنت ضائع کر دی، شہباز شریف

فواد چودھری نے کہا کہ ہائی پروفائل اور اہم مقدمات کی سماعت براہ راست دکھائی جانی چاہیے جبکہ شہباز شریف کا کیس اور آصف زرداری کا اومنی کیس بھی براہ راست نشر کیا جائے۔ کریمنل جسٹس ریفارمز سے رول آف لاء میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مزدوری کے لیے جانے والے افراد کا کورونا ٹیسٹ لازمی ہو گا اور ایسے افراد کے لیے کورونا ٹیسٹ کی فیس میں کمی کی سمری ای سی سی میں لائی جائے گی۔


متعلقہ خبریں